• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 10019

    عنوان:

    فرض اور واجب میں کیا فرق ہے؟ پوری تفصیل سے جواب دیں۔

    سوال:

    فرض اور واجب میں کیا فرق ہے؟ پوری تفصیل سے جواب دیں۔

    جواب نمبر: 10019

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 29=29/ م

     

    فقہاء و اصولیین کے نزدیک فرض ایسا حکم کہلاتا ہے جس کا ثبوت قطعی ہو اور دلالت بھی قطعی ہو،اورواجب وہ حکم کہلاتا ہے جس کا ثبوت ظنی ہو یا دلالت ظنی ہو، فرض کا منکر کافر قرار دیا جاتا ہے اور تارک فرض سخت گنہ گار اور عذاب کا مستحق ہوتا ہے، جب کہ واجب کا منکر کافر قرار نہیں دیا جاتا، البتہ تارک واجب بھی گنہ گار ہوتا ہے اس لیے کہ واجب بھی عملاً فرض کی طرح ہوتا ہے، فرض کی مثال جیسے پنج وقتہ نماز، اور واجب کی مثال جیسے وتر کی نماز۔ الفرض عند الأصولیین ما ثبت بدلیل قطعي الثبوت وقطعي الدلالة، حیث لا شبھة فیہ ویکفّر جاحدہ ویعذّب تارکہ، والواجب ما ثبت بدلیل قطعي الدلالة وظنّي الثبوت أو ظني الدلالة وقطعي الثبوت (قواعد الفقہ/ التعریفات الفقہیہ) اور شامی میں ہے: الفرض نوعان: فرض عملاً وعلمًا،وفرض عملاً فقط، فالأول کالصلوات الخمس والثاني کالوتر فإنہ فرض عملاً الخ


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند