• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 62911

    عنوان: چھ مہینے کے دوران اس کو کئی مرتبہ طلاق دی ہے ، ہر مرتبہ میں زیادہ پیا ہوا تھا اور ڈپریشن کی حالت میں غصہ میں ہوتا تھا

    سوال: میں ہانگ کانگ میں پی ایچ ڈی کا طالب علم ہوں، میانمار کا رہنے والا ہوں، میری بیوی پہلے بدھ مذہب کی تھی، وہ مسلمان ہوگئی ہے، ہماری پانچ سال کی بیٹی ہے، طالب علم ہونے کی وجہ سے میں گھر سے دور رہتاہوں،شادی کے بعد سے گذشتہ سال تک ہمارے درمیان کوئی سنجیدہ مسئلہ نہیں تھا ، گذشتہ سال معلوم ہوا کہ طبی طورپر مجھے پرانا ڈپریشن ہے، جس کی وجہ سے میں خودکشی تک کے لیے تیار ہوجاتاہوں،مجھے شراب پینے کی عادت بھی ہے، میرا مزاج بھی تیز ہے، جب مجھے غصہ آتاہے تو میں اپنے آپ کو تکلیف پہنچا تاہوں ، سامانوں کو توڑ دیتاہوں جیسے کمپیوٹر اور موبائل ۔ جب ہم فون یا دوسرے ذریعہ سے بات کرتے ہیں تو چھوٹی چھوٹی بات پر مجھے بہت جلد جھنجھلاہٹ ہوجاتی اور بات بری طرح بگڑ جاتی ہے خاص طورپر جب کہ میں نشہ میں ہوتاہوں۔ مختصر یہ ہے کہ میں نے چھ مہینے کے دوران اس کو کئی مرتبہ طلاق دی ہے ، ہر مرتبہ میں زیادہ پیا ہوا تھا اور ڈپریشن کی حالت میں غصہ میں ہوتا تھا، بعض حالات میں مجھے یاد نہیں کہ میں نے کیا کہا اور بعض دفعہ کسی معمولی بات پر بہت زیادہ غصہ ہوگیا اور منہ سے بات نکل گئی ، میں اپنے گناہ پر اللہ سے معافی مانگتاہوں ، اب میں پانچوں وقت کی نماز پڑھتاہوں جیسا کہ پہلے پڑھتا تھا ۔ تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے براہ کرم، بتائیں کہ کیا حکم ہے؟درج وقت میں میں نے طلاق دی ہے۔ 21/5/2015 کو ایک ساتھ دو طلاق ، 13/8/2015 کو ایک طلاق، 20/8/2015کو ایک طلاق 17/9/2015 کو ایک طلاق 11/9/2015کو تحریری شکل میں چار بالغ مسلم دوستوں کے ساتھ ؟ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 62911

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 252-289/L=3/1437-U اگر آپ نے پہلی مرتبہ دو طلاق دینے کے بعد رجعت کرلی تھی یعنی مثل زوجین رہنے لگے تھے یا عدت مکمل ہونے سے پہلے آپ نے ایک اور طلاق دیدی تھی تو تینوں طلاقیں آپ کی بیوی پر واقع ہوگئیں اور وہ مغلظہ بائنہ ہوکر آپ پر حرام ہوگئی۔ اب بغیر حلالہ شرعی دوبارہ نکاح کرنے کی کوئی صورت نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند