معاشرت >> طلاق و خلع
سوال نمبر: 605230
جس كا شوہر لاپتہ ہو وہ عورت كیا كرے؟
سوال : مسئلہ ایک خاتون کا ہے جو ہماری قریبی ہیں ! خاتون ہذا کے شوہر پچھلے چار سال سے لاپتہ ہیں (Missing person) ! جو کے ایک سیاسی کارکن تھے ایک چھاپے میں پکڑے گئے اس کے بعد سے ہر کورٹ تھانہ ہر جگہ کر لیا تلاش مگر کچھ پتا نہٰں کے کہاں ہیں ! آج سے سال بھر پہلے ایک آدمی جو کے ان کے شوہر کا دوست تھا وہ بھی کافی عرصے سے لاپتہ تھا ، آکر خاتون کو خبر دی کے میں تو آگیا ہوں ( چھوڑ دیا گیا) مگر وہ (شوہر) وہیں ہیں اور آُپ کو بہت یاد کرتے ہٰیں ! لیکن ان خاتون کی خود نا رسائی ہے نا مطعلقہ ادارے یہ کہتے ہیں کے ہمارے پاس ہے ، تو بظاہر لاپتہ ہی ہٰیں ! اب مدعا یہ ہے کے وہ خاتون اکیلی ہے نا ماں ہیں نا باپ نا ہی اولاد ہے اب وہ دوسری شادی کرنا چاہتی ہیں ! تو اس کے لئے کیا احکام ہیں ! اگر خلع لیتی ہیں تو کیا احکام ہیں اور اگر کورٹ یکترفہ خلع دے دیتا ہے اور خاتون دوسری شادی کر لیتی ہیں اور شادی کے بعد پہلا شوہر واپس آجائے تو کیا آحکام ہوں گے ۔
جواب نمبر: 605230
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 1053-739/D=11/1442
جب شوہر مفقود اور لاپتہ ہو کسی طرح اس کا سراغ نہ لگے کہ زندہ ہے یا وفات پاچکا ہے ایسی صورت میں اکابر علماء دیوبند نے زوجہ مفقود کے لئے بہت مسائل کی تحقیق و تفتیش کے بعد یہ صورت تجویز کی ہے کہ وہ اپنا معاملہ قاضی کے پاس اور جہاں قاضی شرعی نہ ہو تو محکمہ شرعیہ (شرعی پنچایت) میں پیش کرے، اراکین شرعی پنچایت کے پاس درخواست دینے میں عورت اپنا پورا معاملہ واضح طور پر لکھے پھر اراکین شرعی پنچایت اپنے طور پر اس کے شوہر کے بارے میں تحقیق و جستجو کریں گے اگر جستجو اور تحقیق کے بعد بھی اس کا کچھ پتہ نہ چلے تو عورت کو چار سال مزید انتظار کرنے کا حکم کریں گے اور اگر عورت جوان العمر ہو بغیر شوہر کے رہنا اس کے لئے دشوار ہو اور اس کا ذکر بھی درخواست میں کردے اس صورت میں انتظار کی مدت میں تخفیف کردی جائے گی۔ انتظار کی مدت گذرنے پر بھی اگر شوہر کا کچھ پتہ نہ چلا تو اراکین شرعی پنچایت ”الحیلة الناجزہ“ میں ذکر کردہ شرائط کے مطابق اس کا نکاح فسخ کردیں گے فسخ نکاح کے بعد عورت عدت گذار کر دوسرا نکاح کرسکے گی۔ واضح رہے کہ نکاح فسخ شرعی پنچایت کی جانب سے ”الحیلة الناجزہ“ میں ذکر کردہ شرائط کے مطابق ہونا ضروری ہے بغیر اس کے فسخ نکاح کی اور کوئی صورت نہیں ہے۔
(۲) اس کا حکم شرعی پنچایت میں شامل علماء کرام سے معلوم کرلیجئے گا۔ ”الحیلة الناجزہ“ حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہ کی تصنیف ہے جس پر علماء کرام کے بڑی جماعت نے تصدیقی دستخط فرمائے ہیں اس کتاب میں خاص اسی طرح کی مظلوم و بے سہارا عورتوں کے لئے مسائل کا حل ذکر کیا گیا ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند