• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 59386

    عنوان: جب تک شوہر طلاق نہ دے یا شرعی طریقہ پر اس کا نکاح فسخ نہ ہوجائے،عورت كو دوسرا نکاح کرنا جائز نہیں،

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام وعلمائے عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ ایک خاتون جس کا شوہر تقریبا پانچ سال سے لاپتہ ہیں ان کی کوئی خبر نہیں ہے وہ مفقود ہے کسی کوکوئی پتہ نہیں ہے ان کا شوہر مر چکا ہے یا زندہ ہیں وہ مفقود ہیں تو کیا اس صورت میں خاتون دوسری شادی کرسکتی ہیں اور شادی کرنے کی کیا صورت نکل سکتی ہے اور کتنے دن وہ عدت پر بیٹھے گی اور کتنا سال وہ انتظار کرے گی اس کے بعد وہ شادی کرے گی ۔ برائے مہربان قرآن وحدیث کی روشنی میں مسئلہ ہذا کا جواب دیں۔

    جواب نمبر: 59386

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 682-678/B=7/1436-U صورت مذکورہ میں جب تک شوہر طلاق نہ دے یا شرعی طریقہ پر اس کا نکاح فسخ نہ ہوجائے، اس خاتون کو دوسرا نکاح کرنا جائز نہیں، آپ اس مسئلہ کو اپنے یہاں کے دارالافتاء یا شرعی پنچایت میں پیش کریں وہاں کے لوگ کچھ عرصہ تک اپنے طور پر تلاش جاری رکھیں گے، اس کے بعد جب انھیں یقین ہوجائے گا کہ اس کا شوہر مرچکا ہوگا تو وہ لوگ شرعی طریقہ کے مطابق جو ا لحیلة الناجزہ میں لکھا ہوا ہے، نکاح کو فسخ کردیں گے اس کے بعد عدت گذارکر کسی دوسرے شخص کے ساتھ وہ خاتون نکاح کرسکتی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند