• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 57423

    عنوان: میری بیوی خلع مانگ رہی ہے۔ میں نے اس کو خلع دینے کے لیے درج ذیل شرائط رکھی ہیں۔

    سوال: میری بیوی خلع مانگ رہی ہے۔ میں نے اس کو خلع دینے کے لیے درج ذیل شرائط رکھی ہیں۔ (۱) بچوں سے ملاقات کا حق(میری دو لڑکیاں ہیں: بڑی والی کی عمر ۳/ سال ہے اور چھوٹی والی تقریباً چھ ماہ کی ہے)۔ (۲)لڑکیوں کی تحویل نو سال تک یا ان کے بالغ ہونے تک ۔ (۳) اگر ماں دوبارہ شادی کرلیتی ہے تو تحویل کا حق ختم ہوجائے گا۔ اوربچے باپ کی تحویل میں آجائیں گے۔ (۴)ماں شہر نہیں چھوڑے گی۔ اگر وہ شہر چھوڑ کر جاتی ہے تو بچے باپ کے ساتھ رہیں گے۔ (۵)بچے اگر اپنے والدکی فیملی یعنی دادا، کزن، چچی اور چچا وغیرہ کے ساتھ وقت گزارتے ہیں تو ماں کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔ (۶)بچوں کی کسی بھی پریشانی کے وقت اطلاع دے گی۔ (۷)بچوں کو ماہانہ پانچ ہزار روپئے اخراجات کے دوں گا۔ براہ کرم مشورہ دیں کہ کیا یہ حنفی فقہ کے مطابق مناسب اور درست ہے؟

    جواب نمبر: 57423

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 449-443/N=6/1436-U

    آپ نے خلع کے لیے جو شرطیں رکھی ہیں وہ سب فقہ حنفی کی رو سے صحیح ودرست ہیں، البتہ نمبر ۳ میں یہ قید ہونی چاہیے کہ ماں ایسے مرد سے شادی کرے جو بچوں کے حق میں نسبی محرم نہ ہو؛ کیوں کہ مطلب شادی سے ماں کا حق حضانت ختم نہیں ہوتا، نیز ماں کا حق حضانت ختم ہونے کی صورت میں حق حضانت بچوں کی نانی کو، اس کے بعد خالہ وغیرہ کو ملے گا، ماں کے بعد باپ کو حق حضانت نہیں ملتا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند