• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 57292

    عنوان: اگر بیوی خلع کے لیے کہتی ہے تو شوہر کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟

    سوال: (۱) اگر بیوی خلع کے لیے کہتی ہے تو شوہر کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟ (۲) کیا بیوی کو مہر واپس کرنا چاہیے یا نہیں؟ (۳) کیا اس کے علاوہ کچھ اور بیوی یا شوہر کے ذریعہ واپس کیا جانا ہیے؟

    جواب نمبر: 57292

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 178-178/H=3/1436-U (۱)

    شوہر کی ذمہ داری یہ ہے کہ خوب اچھی طرح دیانةً فیما بینہ وبین اللہ تعالی غور خوض کرے اپنے ہمدرد ومعاملہ فہم متقی حضرات سے مشورہ کرلے اگر بیوی کا مطالبہ خلع کا صحیح ہواور حقیقةً نباہ کی کوئی صورت نظر نہ آئے اور اس میں قصور بیوی کی طرف سے ہو تو خلع کی تکمیل کرکے معاملہ کو ختم کردے تاکہ عدت گذارکر کہیں بھی نکاحِ ثانی کا اس کے لیے راستہ صاف ہوجائے اگر شوہر کا دل گواہی دیتا ہے کہ نباہ نہ ہونے میں قصور وار میں (شوہر) ہی ہوں تو ایسی صورت میں یا توحسن معاشرت کے ساتھ بیوی کو رکھے،اگر یہ نہ ہوسکے تو ایک طلاقِ بائن یا رجعی دے کر بیوی کا مہر ادا کردے اگر پہلے ادا نہ کیا ہو۔ بیوی کا جوکچھ مال شوہر کے پاس ہو اس کوواپس کردے۔ (۲) اگر بیوی نے مہر وصول کرلیا ہے اور خلع کی تکمیل بعوض مہر ہی ہوئی ہے تو عورت پر مہرکی واپسی واجب ہے۔ (۳) اگر ایک دوسرے کا کوئی مال یا سامان وغیرہ ہو تو اس کی واپسی واجب ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند