• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 56765

    عنوان: میں اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہتاہوں۔

    سوال: میں اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہتاہوں۔ میں باہر رہتاہوں، میری بیوی نے میری ماں سے جھگڑا کیا اور بہت غلط باتیں کہہ کر ماں کو بدنام کیا ، مجھے بیوی کی باتوں پر یقین نہیں ہے اور کبھی کبھار میری بیوی بھی میرے ساتھ ناروا سلوک کرتی ہے، اور آخر کار وہ میری اجازت کے بغیر اپنے والدین کے گھر چلی گئی، اور اب کہہ رہی ہے کہ تم ماں سے الگ ہو کر میرے ساتھ رہو، نیز کبھی کبھی وہ میرے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہے ۔ میں نے بہت کوشش کرلی مگر وہ میری والدہ کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی ہے، میری والدہ بہت ضعیف ہیں اور میں اپنی ماں سے بہت محبت کرتاہوں، لیکن بیوی ماں کو پسند نہیں کرتی ہے ، اب بھی میری ماں کے خلاف بد زبانی کرتی ہے تو میں کیا کرسکتاہوں؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 56765

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 198-243/L=3/1436-U

    بیوی کو شرعاً یہ حق ہے کہ وہ پنے لیے ایسے گھر کا مطالبہ کرے جس میں ساس وغیرہ کا کوئی دخل نہ ہو، اس لیے بیوی کا اس حد تک مطالبہ کرنا بجا ہے، یہ ایسی کوئی وجہ نہیں ہے جس کی وجہ سے طلاق دی جائے؛ البتہ بیوی کا یہ کہنا کہ تم اپنی ماں سے الگ ہوجاوٴ صحیح نہیں اور نہ ہی بیوی کو اس کا حق ہے، آپ اگر ایسی صورت میں طلاق نہ دیں اور بیوی اوروالدہ دونوں کے حقوق کو ادا کریں تو یہ بہتر ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند