• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 32187

    عنوان: حلالہ کے کیا شرائط ہیں؟

    سوال: حلالہ کے کیا شرائط ہیں؟ایک سال قبل میں نے بیوی کو طلاق دی تھی، پھر ہم نے دوبارہ شادی کرنے کا فیصلہ کیا ، اس نے میر ے دوست سے شادی کی جس نے مباشرت کئے بغیر اسے طلاق دیدی، دو یا تین مہینوں کے بعد میں نے دوبارہ اس سے شادی کی۔ سوال یہ ہے کہ کیا شریعت کے مطابق یہ طریقہ درست ہے؟یا ہم نے کچھ غلط کیا؟ہم پریشان ہیں براہ کرم، ہماری رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 32187

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 1065=234-6/1432 حلالہ کے صحیح ہونے کے لیے ضروری ہے کہ عدت گذارنے کے بعد عورت کسی دوسرے شخص سے شادی کرے، اور وہ دوسرا شخص اس سے دخول (ہمبستری) کرے، پھر وہ طلاق دیدے، یا اس کا انتقال ہوجائے، اس کے بعد عورت دوبارہ عدت گذارے، عدت گذارنے کے بعد عورت کو اختیار ہوگا کہ وہ چاہے تو شوہر اول سے نکاح کرلے، زوجِ ثانی کے دخول (ہمبستری) کے بغیر حلالہ درست نہیں ہے، اور نہ ہی شوہر اول کے لیے دوبارہ نکاح درست ہوگا۔ لہٰذا آپ نے جو دوبارہ شادی کی ہے چونکہ وہ ناجائز ہوئی ہے، اس لیے آپ پر فوری طور پر علاحدگی ضروری ہے، آپ دو آدمیوں کے سامنے کہہ دیں کہ میں نے اسے چھوڑدیا یا علاحدگی اختیار کرلی۔ پھر آپ سے علاحدگی اختیار کرنے کے بعد عورت پہلے عدت گذارے اس کے بعد کسی شخص سے شادی کرے اور وہ شخص ہمبستری کے بعد طلاق دیدے یا اس کا انتقال ہوجائے پھر عورت دوبارہ عدت گذارے، دوسری عدت پوری کرنے کے بعد آپ کے لیے جائز ہوگا کہ آپ دوبارہ اس عورت سے شادی کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند