• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 31038

    عنوان: مجھ پر کس کی کفالت زیادہ فرض ہے؟ ماں کی یا باپ کی؟

    سوال: نو سال سے میں اپنی ماں کے ساتھ رہ رہا ہوں۔ میر ے والد ین کی آج سے 13-14/ سال سے پہلے طلاق ہوچکی ہے۔ میری ماں نے پہل مجھے پالا ہے اور میری مکمل کفالت انہوں نے ہی کی ہے ۔ اب میں بالغ ہوں اور میری عمر 25/ سال ہے ۔ الحمد للہ ، میں کماتاہوں ، میرے ابو الگ رہتے ہیں اور میں اپنی ماں کے ساتھ ہوں۔ پوچھنا یہ ہے کہ مجھ پر کس کی کفالت زیادہ فرض ہے؟ ماں کی یا باپ کی؟کیوں کہ میری اتنی آمدنی نہیں کہ میں باپ کا خرچ اٹھاسکوں جب کہ وہ کماتے بھی ہیں۔

    جواب نمبر: 31038

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 727=96-4/1432 ماں کی کفالت (نفقہ) تو آپ پر واجب ہی ہے، باپ اگر اپنی ضرورت کے بقدر کمائی کرلیتے ہیں تو ان کا نفقہ واجب نہیں، صرف صلہ رحمی کے طور پر کبھی کبھار ہدیہ تحفہ دیدیں یا حیثیت کے مطابق ان کی تطییب قلب کے لیے خدمت کردیں کافی ہے۔ اور اگر والد بالکل معذور ومجبور ہوں کوئی کمائی نہ کرسکتے ہوں اور ان کی دوسری اولاد بھی نہ ہو تو ان کا نفقہ بھی آپ پر آپ کی حیثیت کے مطابق واجب ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند