• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 19328

    عنوان:

    طلاق مشروط اور اس کا وقوع

    سوال:

    ہمارے پاس ہمارے ماموں کا ایک لیٹر ہے جو میں آپ تک ارسال کررہا ہوں اس لیٹر کے مطابق کیا ان کا طلاق ہوگیا ہے یا نہیں؟ لیٹر اس طرح سے ہے۔ من جانب محمد ارشاد عالم ، ڈیئر سبیلہ پروین (رومی) ایک شوہر ہونے کی حیثیت سے اللہ سے تمہاری سلامتی اور ہدایت اور امن بھی ۔ لاکھ منع کرنے کے باوجود تم نے میری بات کو ٹھکرایا اور بغیر میری اطلاع کے جو دل میں آیا یا چاہا کرتی گئی، اتنا بھی نہیں سمجھا کہ تم ایک عورت ہو اور حیا اور شرم بھول گئی۔ تم نے مجھے ذلیل کیا ،پریشان کیا، رسوا کیا، جب دل میں آیا ادھر ادھر گئی۔ لاکھ منع کرنے کے بعد کلکتہ آئی شہر میں من مانی زندگی گزاری اور جب چاہا بغیر اطلاع کے کلکتہ سے پھر گاؤں گئی۔ ابھی خبر ملی کہ تم راجولے میں میٹرک کا امتحان دے رہی ہو جب کہ تم پہلے ہی میٹرک پاس ہو شاید عمر کم کرنا مقصد ہے ۔اب سنو تم کو کلکتہ آنے کی اجازت نہیں ہے، اگر تم میری اجازت کے بغیر کلکتہ جاؤ گی تو جس وقت کلکتہ پہنچو گی اس وقت سے تم پر طلاق نافذ ہوگا، فیصلہ تمہارے ہاتھ میں ہے، تمہارا بدنصیب محمد ارشاد عالم۔ (۱)خسرو خوشدامن صاحبہ آ پ لوگوں نے بھی مجھے دھوکا دیا ایک ہفتہ سے زیادہ ہوگیا رومی آپ کے پاس ہے اور آپ نے مجھے نہیں بتایا۔ جب میں نے خبر لی تو آپ نے کہا کہ جو وہ کررہی ہے وہ صحیح ہے، آپ نے مجھ سے جھوٹ بولا کہ وہ بات نہیں کرنا چاہتی ہے جب کہ وہ گھر میں موجود نہیں تھی۔ شوہر کی نافرمانی میں آپ اس کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ اتنا ہو نے کے بعد وہ کلکتہ آگئی بغیر اجازت اور رہی بھی۔ اب اس حالت میں طلاق کا کیا ہوگا طلاق ہوگیا یا نہیں؟ برائے مہربانی جواب جلد سے جلد ارسال کردیں بڑی مہربانی ہوگی آپ کی ۔ آپ کے جواب کا منتظر ہوں عنایت فرماویں۔ اللہ تعالی دارالعلوم کو اوراس کے فارغین کو دنیا میں سورج کی طرح چمکائے اور لوگ ان سے فیضیاب ہوتے رہیں۔ آمین۔ والسلام

    جواب نمبر: 19328

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ب): 176=170-2/1431

     

    [اگر تم میری اجازت کے بغیر کلکتہ جاوٴگی تو تم پر طلاق] یہ مشروط طلاق دی ہے، یعنی اس کہنے کے بعد چونکہ بیوی اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر کلکتہ چلی گئی تو اس پر ایک طلاق رجعی واقع ہوگئی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند