• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 159824

    عنوان: اگر طلاق حیض کی حالت میں دی گئی تو عدت کیسے شمار ہوگی؟

    سوال: (۱) کیا حضرت یعقوب (علیہ السلام) نے دوبہنوں سے شادی کی تھی؟ کیا یہ بات صحیح ہے؟ اگر ہاں! تو اب سالی سے نکاح کیوں حرام ہے؟ (۲) کانٹیکٹ لینس (contact lenses) استعمال کرنا جائز ہے؟ اگر شوہر بیوی کو بولے کہ رنگین لینس (colorful lenses) لگاوٴ خوبصورتی کے لئے، تو بیوی کے لئے شوہر کی بات ماننا ضروری ہے؟ (۳) حیض کے دنوں میں طلاق دینا ناجائز ہے پر اگر دیتا تے تو عدت اس حیض کو ملا کر دو اور حیض تک شمار ہوگی یا اس والے حیض سے پاک ہونے کے بعد جو تین آئیں ان کے بعد عدت ختم ہوکی؟ (۴) بیوی جب حیض سے پاک ہو اور ہمبستری کرلی تو جب تک اگلا حیض آکر پا ک نہ ہوجائے طلاق دینا جائز نہیں، مطلب پاکی کے ایام میں ایک دفعہ بھی ہمبستری کرلی تو طلاق دینا جائز نہیں ہے، اب اگر کسی نے بیوی کے پاک ہوتے ہی ہمبستری کرلی اور طلاق دیدی تو عدت اس کے بعد جو تین حیض آئیں تب ختم ہوگی؟ (۵) قرآن میں پڑھا ہے کہ اگر باپ کا انتقال ہوجائے تو بچے کو دودھ پلانے کی ذمہ داری بچے کے وارثوں پر وارد ہوگی یعنی بچے کے ترکہ کے جو حقدار ہوں گے ان پر، اس کا کیا مطلب ہے؟ میرا بھائی اگر انتقال کر جائے تو کیا اس کے دودھ پیتے بچے کو دودھ پلانے کی ذمہ داری میرے پر ہوگی؟ یا اگر میرے بہنوئی مر جائیں تو ان کے بچوں (میرے بھانجے اور بھانجی) کو دودھ پلانے کی ذمہ داری میرے پر ہوگی؟ اور یہ بچوں کے ترکے کے حقدار کو ہوں گے؟ (۶) بیوی سے چار ماہ تک صحبت نہ کرنے کی قسم کھالی تو چار ماہ بعد طلاق بائن پڑ جائے گی، لیکن اگر یہ کہا کہ تمہارے پاس کبھی نہیں آوٴں گا یا کبھی تم سے نہیں ملوں گا، تو کیا یہ جملے بھی انہیں چار ماہ والی قسم میں داخل ہیں؟ (۷) کیا یہ کہنا درست ہے کہ شوہر بیوی کا ”مجاذی خدا “ہے؟ (۸) کچھ لوگ کہتے ہیں کہ چار سال، چار ماہ اور چار دن میں بچے کو قرآن سکھاوٴ، یہ بات کیا واقعی حدیث سے ثابت ہے؟ یا موضوع اور من گھڑت روایت ہے۔ تمام سوالات کا جواب مع حوالہ کے دیں اور ہر حوالے کے ساتھ یہ بھی بتائیں کہ حدیث صحیح ہے یا حسن یا ضعیف؟

    جواب نمبر: 159824

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:804-825/H=8/1439

    (۱) حضرت یعقوب علیہ السلام کے حرم میں دو بہنیں جمع تھیں اور آپ علیہ السلام کے بعد دو بہنوں کا نکاح میں بیک وقت جمع رکھنا حلال نہیں رہا: وقیل: فی اسم الأمتین لیا وتلتا، کانت إحداہما لراحیل، والأخری لأختہا لیا، وکانتا قد وہبناہما لیعقوب، وکان یعقوب قد جمع بینہما، ولم یحل لأحد بعدہ اھ (تفسیر قرطبی: ۹/ ۸۷)

    (ب) بیوی کے نکاح میں رہتے ہوئے بلکہ اس کی عدت میں بھی اُس کی بہن (سالی) سے اب نکاح حرام ہے: قال اللہ تعالی: وَأَنْ تَجْمَعُوا بَیْنَ الْأُخْتَیْنِ إِلَّا مَا قَدْ سَلَفَ (سورة النساء، پ:۴، آخری رکوع)

    (۲) یہ معاملہ ان امور میں سے نہیں ہے کہ جس میں شوہر کی اطاعت بیوی پر واجب ہو بہ شرطے کہ فی نفسہ اس لینس میں فیشن پرستی نیز غیرقوموں کے ساتھ تشبّہ جیسی کوئی خرابی پائی جاتی ہو؛ کیونکہ ان امور کی ممانعت حدیث شریف میں وارد ہوئی ہے۔

    (۳) اس والے (جس حیض میں طلاق دی) حیض سے پاک ہونے کے بعد جو حیض آئے گا وہ پہلا ہوگا اس کے بعد والا دوسرا اور اس کے بعد والا حیض تیسرا ہوگا اس کے ختم پر عدت ختم ہوگی قال اللہ تعالیٰ: وَالْمُطَلَّقاتُ یَتَرَبَّصْنَ بِأَنْفُسِہِنَّ ثَلاثَةَ قُرُوءٍ (سورة البقرة، پ:۲) یعنی عدت تین حیض مکمل گذرنے پر ختم ہوگی۔

    (۴) بیوی کے حیض سے پاک ہونے پر ہمبستری کرلی اور اس کے بعد طلاق دی تو اس نے خلافِ سنت کا ارتکاب کیا تاہم طلاق واقع ہوجائے گی اگر حمل ٹھیر گیا تو بچہ کی پیدائش پر ورنہ تین حیض مکمل گذرنے پر عدت ختم ہوگی۔

    (۵) قرآن پاک میں کہاں پڑھا ہے؟ وہ آیات لکھئے۔

    (۶) اگر قسم کے ساتھ یہ جملے بولے مثلاً کہا کہ اللہ کی قسم میں تمھارے پاس کبھی نہ آوٴں گا، یا اللہ کی قسم میں تم سے کبھی نہ ملوں گا اور نیت یہ کی کہ کبھی جماع نہ کروں گا تو ان جملوں سے بھی ایلاء کا تحقق ہوجائے گا اور چار ماہ تک جماع نہ کیا تو طلاق بائن واقع ہوجائے گی۔

    (۷) اس قسم کے الفاظ بولنا مکروہ ہے ان سے احتراز کرنا چاہیے۔

    (۸) ایسی کوئی حدیث ہماری نظر سے نہیں گذری۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند