• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 153813

    عنوان: حلالہ کیا ہے ؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان شرح متین کہہ حلالہ کیا ہے ؟ کس طرح سے عمل میں لانا چاہئے ؟ کیا حلالہ کرنے اور کروانے والے پر رسول اللہ نے لعنت بھیجی ہے ؟ مکمل تفصیل کے ساتھ قرآن گرد حدیث کی روشنی میں جواب تحریر کرنے کی مہربانی کریں۔ شکریہ

    جواب نمبر: 153813

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1355-1270/H=12/1438

    (۱) اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو تین طلاق دیدے، اور تین طلاق واقع ہوکر بیوی اس پر حرام ہوجائے تو اُس شخص کو نہ حق رجعت باقی رہتا ہے اور نہ ہی تجدیدِ نکاح بغیر حلالہٴ شرعیہ کا استحقاق ہوتا ہے، البتہ مطلقہ عورت کو حق حاصل ہوجاتا ہے کہ بعد انقضائے عدت علاوہ تین طلاق دینے والے شخص کے جس سے چاہے اپنا عقد ثانی کرلے اور اُس کے ساتھ حُسن معاشرت سے گذربسر کرے باقی اگر دوسرا شوہر بعد جماع کے بقضائے خداوندی وفات پاجائے یا بعد ہمبستری کے کسی وقت طلاق دیدے اور بہرصورت عدت مکمل گذرجائے تب عورت کو پھر اپنے نکاحِ جدید کا حق حاصل ہوجاتا ہے اُس وقت اگر عورت چاہے اور تین طلاق دینے والے پہلے شوہر کی بھی مرضی ہو تو بتراضئ طرفین نکاحِ جدید ہوسکتا ہے جب باقاعدہ شرعی طریق پر نکاح ہوجائے گا تو عورت اس شخص کے حق میں حلال ہوجائے گی اگر عورت دوسرے شوہر کی وفات یا طلاق کے بعد عدت مکمل ہوجانے پر کسی تیسرے شخص سے نکاح کرے یہ بھی اُس کو حق ہے اور کسی سے نہ کرے اُس میں بھی بحق عورت کچھ مضائقہ نہیں، الغرض شرعاً عورت اپنے معاملہ میں بحق نکاح ہرطرح آزاد ہے اُس پر کوئی جبر نہیں ہے کہ وہ پہلے شوہر ہی سے نکاح کرے ہاں جب نکاح باقاعدہ ہوجائے گا تو وہ پہلے شوہر کے لیے حلال ہوگئی اور پہلے شوہر کے حق میں حلال ہونے کا اس کے علاوہ تین طلاق واقع ہوجانے کی صورت میں کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، یہ حلالہ ہے، بخاری شریف ج۲ص۷۹۱الفتاوی الہندیہ ج۱ص۵۰۱اور عمدة الاثاث فی حکم الطلقات الثلاث (اردو)میں اس کی قدرے مفصل بدلائل بحث ہے۔

    (۲) جو صورت تفصیل نمبر ایک کے تحت لکھ دی اس صورت سے عمل میں آجاتا ہے۔

    (۳) اگر بہ وقت عقد باقاعدہ طے کرکے اور منصوبہ بند طریقہ پر کوئی کرتا ہے تو یہ موجب لعنت ہے اور نمبر ایک کے تحت لکھی گئی تفصیل کے مطابق حلالہ ہوجائے تو وہ لعنت کا سبب نہیں، شروحِ حدیث نیز کتبِ فقہ وفتاوی میں اسی طرح مصرّح ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند