• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 69559

    عنوان: لگاتار پیشاب کے قطرے کا آنا اور مذی کا نکلنا

    سوال: میں جب بھی پیشاب کرتا ہوں اس وقت پورا اطمینان کرنے کے بعد بھی کچھ قطرات آتے ہیں۔ یا کوئی لسسے دار سی چیز شاید مذی نکلتی ہے ۔ میں نماز سے ادھا ایک گھنٹہ پہلے پیشاب کرے عضو پے ٹیشو رکھ لیتا ہوں تاکہ جو بھی قطرات ہوں وہ نکل جائیں۔ لیکن اسکے باوجود قطرات آتے ہی رہتے ہیں۔ اس صورت میں کیا میں نماز کے وقت وضو کرکے نماز پڑھ سکتا ہوں قطرات کو نظر انداز کرتے ہوئے اس طور کہ میں ٹیشو رکھ لیتا ہوں؟اور ہر نماز کے لئے نیا وضو کرتا ہوں۔

    جواب نمبر: 69559

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1125-1104/SN=12/1437 اگر آپ شرعاً معذور ہیں یعنی آپ پر کوئی مکمل نماز کا وقت اس طرح گزرا کہ آپ کو قطرات آتے رہے، اتنا وقفہ بھی نہیں رہا کہ آپ وضو کرکے وقتیہ نماز ادا کریں تو آپ قطرات کو نظر انداز کرکے ہر نماز کے وقت نیا وضو کرکے وقت کے اندر جتنی چاہیں فرض و نوافل پڑھ سکتے ہیں، قطرات ٹپکنے سے آپ کا وضو نہ ٹوٹے گا، واضح رہے کہ مذکورہ بالا شرط ”معذورین“ میں داخل ہونے کے لیے ہے، اگر مذکورہ بالا تشریح کے مطابق آپ شرعی معذور نہیں ہیں تو قطرات کو نظر انداز کرکے آپ نماز ادا نہیں کرسکتے، اگر وضو کے بعد قطرہ ٹپکا تو وضو ٹوٹ جائے گا اور اس حالت میں نماز درست نہ ہوگی، ایسی صورت میں آپ پیشاب وغیرہ کرنے کی ایسی ترتیب بنائیں کہ نماز پڑھنے کے وقت تک قطرات کا سلسلہ بند ہو جائے، اور اس کے ساتھ ساتھ کسی اچھے طبیب سے اس کا علاج بھی کرائیں، ان شاء اللہ شفا ملے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند