• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 66135

    عنوان: نماز کے دوران بھی کئی مرتبہ ریح خارج ہوجاتی ہے؟

    سوال: اگر کسی کو گیس کی شکایت ہو اور ریح خارج ہوجاتی ہو تو نماز کس طرح ادا کریں؟ نماز کے دوران بھی کئی مرتبہ ریح خارج ہوجاتی ہے؟ علاج بھی چل رہاہے، اب اگر دوران نماز ریح نکل جائے تو کیا نماز لوٹانا پڑے گا؟

    جواب نمبر: 66135

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 902-889/SN=9/1437 اگر کسی کو مسلسل ریح خارج ہونے کی شکایت ہوکہ اسے اتنا وقفہ بھی نہیں ملتا ہوکہ وضو کرکے فرض نماز ادا کرلے او راسی کیفیت پر ایک نماز کا وقت گزر جائے تو وہ شرعاً معذور شمار ہوتا ہے اس کے لیے حکم شرعی یہ ہے کہ نماز کا وقت داخل ہونے پر ایک مرتبہ وضو کرلے پھر اس وضو سے وقت کے اندر جتنی چاہے فرض یا نفل نماز پڑھے، ریح خارج ہونے سے (اگر چہ دورانِ نماز خارج ہو) وضو نہ ٹوٹے گا، جب وقت گزر جائے اور دوسری نماز کا وقت داخل ہوجائے تو دوبارہ وضو کرکے اسی طرح کرے۔ نوٹ: (الف) ابتداءً معذور کے حکم میں داخل ہونے کے لیے تو مذکورہ بلا شرط کا تحقیق ضروری ہے؛ لیکن دوام کے لیے صرف اتنا کافی ہے کہ وقت کے اندر ایک مرتبہ یہ عذر (خروجِ ریح) پایا جائے۔ (ب) اگر نماز کا کوئی مکمل وقت ا س طرح گزرجائے کہ ایک مرتبہ بھی ریح خارج نہ ہوتو یہ شخص معذور ہونے سے نکل جائے گا اور اس پر عام تندرست آدمی کے احکام لاگو ہوجائیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند