• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 609904

    عنوان: ناپاک کپڑوں کو پاک کرنے کے سلسلہ میں ۲/ سوال

    سوال:

    ناپاک کپڑوں کو پاک کس طرح کیا جائے ؟ (۱) کپڑے پاک کرنے کیلئے جو تین دفعہ نچوڑا جاتا ہے کیا پانی کا کپڑے سے زیادہ ہونا ضروری ہے اور اگر پانی کپڑے سے کم ہو تو کیا کپڑے پاک نہیں ہوتے ؟

    (۲) اگر کپڑوں کو مَگ یا کسی اور چیز کے ذریعہ مثلاً لوٹا یا اسکے مثل کسی چیز سے کپڑوں پر پانی بہادیا جائے پھر حسب طاقت نچوڑا جائے تو کیا اس طریقے سے کپڑے پاک ہوجائیں گے ۔ تسلی بخش جواب عنایت فرماکر مزید شکریہ کا دیں۔ عین نوازش ہوگی۔

    جواب نمبر: 609904

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 526-452/H-Mulhaqa=8/1443

     (۱):جی ! نہیں، ناپاک کپڑے پاک کرنے کے لیے پانی کا کپڑے سے زیادہ ہونا ضروری نہیں، صرف اتنا پانی کافی ہے، جس سے کپڑے بھیگ کر کچھ قطرے ٹپک جائیں، یعنی: غَسلِ شرعی کا تحقق ہوجائے اور پھر اچھی طرح نچوڑدیا جائے اور اس طرح کل تین مرتبہ کیا جائے۔

    مستفاد:(غسل الوجہ)أي: إسالة الماء مع التقاطر ولو قطرة، وفي الفیض: أقلہ قطرتان في الأصح (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الطھارة، ۱: ۲۰۸، ۲۰۹، ط: مکتبة زکریا دیوبند، ۱: ۳۱۵، ۳۱۶، ت: الفرفور، ط: دمشق)۔

    (۲): جی ہاں! اگر اس طریقہ کار میں ناپاک کپڑوں سے نجاست کے زائل ہوجانے کا یقین یا غالب گمان ہوجائے تو اس طریقے سے بھی کپڑے پاک ہوجائیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند