• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 607529

    عنوان:

    عورت کے لیے استنجا کرنے کا طریقہ

    سوال:

    (۱) سوال : عورتوں کیلئے پانی سے استنجاء کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟

    (۲) کیا تین دفعہ دھونے کیلئے ہر بار دھونے کے بعد ہاتھ بھی دھونا پڑے گا؟

    (۳) اور استنجاء کرتے وقت جو پانی پیچھے کے حصے کی طرف چلا جاتا ہے اس کو بھی دھونا ضروری ہے ؟ برائے مہربانی مجھے مکمل استنجاء کا طریقہ بتا دیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 607529

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 409-298/D=04/1443

     (۱) عورتوں کے لیے پانی سے استنجا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ بدن کو ڈھیلا کرکے بیٹھ جائے، داہنے ہاتھ سے پانی ڈالے اور بائیں ہاتھ سے مقام کو اچھی طرح دھوئے، یہاں تک کہ نجاست زائل ہوجانے کا مکمل اطمینان ہوجائے اس کے لیے

    (۲) تین دفعہ دھونا ضروری نہیں؛ بلکہ جتنی مرتبہ دُھلنے میں مکمل اطمینان ہوجائے اتنا کافی ہے؛ البتہ تین مرتبہ دھلنا مستحب ہے لیکن ہر مرتبہ ہاتھ دھلنا ضروری نہیں ہے اخیر میں دھو لینا کافی ہے، ہاں اگر ہاتھ میں نجاست لگی ہو اس وقت الگ سے دھونا ضروری ہوگا۔

    (۳) جگہ پر جب تک نجاست موجود ہے اس وقت تک دُھلنے کے بعد والا پانی ناپاک ہے، لہٰذا ایسا ناپاک پانی جس جگہ لگے گا اس کا دھونا بھی ضروری ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند