• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 604972

    عنوان:

    نماز پڑھ چکنے کے بعد کپڑے پر منی یا مذی کے دھبے دکھائی دیں تو نماز کا کیا حکم ہے؟

    سوال:

    سوال : کل میں نماز فجر کے بعد سو گیا۔ جوں ہی میں اٹھا تو کپڑے تبدیل کئے ، وضو کیا اور تلاوت کلام پاک میں مشعول رہا پھر نماز ظہر کا وقت تھا ، میں نے نماز ادا کی، جب میں واپس آیا تو جو کپڑے میں تبدیل کر چکا تھا اس پہ مجھے کچھ داغ نظر آئے ، میں نے اس کو بغور دیکھا ، پہلے مجھے لگا کہ یہ مذی ہے پھر لگا کہ منی ہے ۔ لیکن نہ تو میں نے کوئی گندے خواب دیکھے نہ مجھے کوئی لذت وغیرہ محسوس ہوئے جو منی نکلتے وقت ہوتی ہے ۔ اور نہ میرے جسم پر کوئی آثار موجود تھے منی کے ۔اور مجھے بالکل پتہ نہیں تھا کہ کپڑوں پہ اس طرح کے داغ تھے ۔ بہر حال میں نے غسل کی۔ اب میرے ذہن میں کئی طرح کے سوالات اٹھنے لگے 1۔ کیا منی اور مذی کے علاوہ یہ کوئی چیز ہے 2۔ کیا مجھ پہ غسل واجب ہوا تھا 3۔جو تلاوت اور نماز میں پڑھ چکا ہوں اس کا کیا ہوگا 4۔اگر کسی امام کے ساتھ اس طرح ہوجائیں وہ اس نماز کا کیا کرے گا۔

    جواب نمبر: 604972

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:814-227T/SD=1/1443

     صورت مسئولہ میں اگر آپ کو کپڑے پر لگے ہوئے دھبے کے سلسلے میں منی اور مذی کے تعلق سے شک تھا ، تو ایسی صورت میں غسل واجب ہوگا جیسا کہ کتب فقہ میں صراحت ہے اور غسل سے پہلے جو نمازیں پڑھی ہوں، ان کا اعادہ ضروری ہے اوراگر کسی امام کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا ہو تو غسل سے پہلے اس نے جو نمازیں پڑھائی ہوں ان کے بارے میں مقتدیوں کو اطلاع کردے کہ وہ اپنی نمازیں دُہرالیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند