عبادات >> طہارت
سوال نمبر: 604370
نیند کی حالت میں پیشاب کے قطرے خارج ہونا
میری عمر 52 سال ہے۔صبح نماز کے لیے اٹھتا ہوں تو پیشاب والی جگہ کے پاس شلوار کے کپڑے کو ہاتھ لگانے پر نمی محسوس ہو تی ہے ۔(گیلا نہیں صرف نمی)مجھے وہم ہو جاتا ہے کہ شاید سوتے میں پیشاب کے قطرے خارج ہوتے رہے ہیں ۔ پھر میں ناف کے نیچے ٹانگیں دھو کر اور کپڑے بدل کر نماز ادا کرتا ہوں ۔ بعض اوقات کپڑوں کا دوسرا جوڑا صاف نہ ہونے کی وجہ سے میری نماز قضا ہو جاتی ہے۔روز ٹانگیں دھو نے سے ٹانگوں میں درد رہتا ہے ۔ رہنمائی فرمائیں اس صورتحال میں کیا روز کپڑے بدلنا ضروری ہے؟کیا انہی کپڑوں میں نماز پڑھ سکتے ہیں ؟پوری ٹانگیں دھو نے کی بجائے صرف استنجا کر لینا کافی نہیں ؟
جواب نمبر: 604370
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 937-622/B=09/1442
صورت مذکورہ میں صرف آگے پیچھے کی شرمگاہ دھولینا کافی ہے ناف کے نیچے سے پوری ٹانگیں دھونا ضروری نہیں۔ آپ ایک دو شلوار صاف زائد رکھیں تاکہ کپڑے بدلنے میں آپ کی فجر کی نماز قضا نہ ہو۔ اگر شلوار صبح کو بھیگی ہوئی نظر آئے تو شلوار کا بدلنا ضروری ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند