• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 601632

    عنوان:

    ویڈیوز دیكھنے كے بعد جو پانی نكلتا ہے اس سے غسل واجب ہوگا یا نہیں؟

    سوال:

    مفتی صاحب سوال یہ ہے کہ کیا ویڈیوز وغیرہ دیکھنے سے غسل فرض یا واجب ہوتا ہے جبکہ مواد دیکھنے کے کچھ دیر بعد پانی سا نکلتا ہے۔اب پتہ نہیں چلتا کہ یہ منی ہے یا مذی؟ منی نکلنے کی کون کونسی صورتیں ہیں؟ اور برائے مہربانی انزال کی بھی تعریف کریں ؟ شکریہ

    جواب نمبر: 601632

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:301-224/N=5/1442

     (۱): فحش اور گندی تصاویر اور ویڈیوز دیکھنے سے یا موبائل فون پر بیوی سے میاں بیوی والی خاص گفتگو کے دوران عضو تناسل سے جو صاف شفاف، چکنا اور سیال مادہ نکلتا ہے اور اس کے نکلنے سے شہوت بڑھتی ہے اور وہ کودے بغیر نکلتا ہے ، اسے مذی کہتے ہیں اور یہ ناپاک (نجاست غلیظہ)ہے اور اس کے نکلنے سے صرف وضو ٹوٹتا ہے، غسل واجب نہیں ہوتا؛ البتہ اگر کبھی اس دوران کود کر ایک خاص قسم کا گاڑھا مادہ بھی نکل آئے، جس کے بعد عام طور پر شہوت ختم ہوجاتی ہے اور عضو تناسل کی ایستادگی جاتی رہتی ہے اور اسے منی کہا جاتا ہے توغسل بھی واجب ہوجائے گا۔

    عن أبي عبدالرحمن، عن علي قال: کنت رجلا مذاء، فأمرت رجلا یسأل النبي صلی الله علیہ وسلم لمکان ابنتہ، فسأل، فقال: توضأ واغسل ذکرک (صحیح البخاری، کتاب الطھارة، باب غسل المذي والوضوء منہ ۱: ۴۱،ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)۔

     عن علي رضي اللّٰہ عنہ قال: سألت النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم عن المذي: فقال: من المذي الوضوء ومن المني الغسل (سنن الترمذي، أبواب الطھارة، باب ما جاء فی المني والمذي، ۱:۳۱،ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)۔

    لا عند مذي أو ودي؛ بل الوضوء منہ ومن البول جمیعاً علی الظاہر(الدرالمختار مع رد المحتار۱:۳۰۴،ط؛ مکتبة زکریا دیوبند)۔

    قولہ:”بل الوضوء منہ إلخ“:أي بل یجب الوضوء منہ، أي: من الودي ومن البول جمیعاً (رد المحتار)۔

    وأجمع العلماء أنہ لا یجب الغسل بخروج المذي والودي کذا فی شرح المھذب(البحر الرائق،۱:۱۱۵، ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔

    (۲): منی حالت بیداری میں بھی نکلتی ہے اور خواب میں بھی، اسی طرح بیوی سے جماع کرنے میں بھی نکلتی ہے اور اس کے بغیر بھی؛ لہٰذا اگر احتلام ہوجائے یا جماع کرلیا جائے یا حالت بیداری میں شہوت کے ساتھ منی نکل آئے تو ان سب صورتوں میں غسل فرض ہوجائے گا اور جماع میں تو سپاری اندر جانے سے ہی غسل فرض ہوجاتا ہے اگرچہ منی نہ نکلے یا صرف ایک بار ڈال کر نکال لیا جائے۔

    (۳): انزال کہتے ہیں : منی نکلنے کو ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند