• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 601366

    عنوان: پانی كی ٹنكی میں اگر چھپكلی گرجائے تو كیا حكم ہے؟

    سوال:

    میرا سوال یہ ہے کہ جو لفظ کتابوں میں آیا ہے کنواں اس سے مراد کتنا ہے اور آج کل ہر گھر میں جو کنویں بنے ہوئے ہیں جسے ٹانکے کہا جاتا ہے ان کا کیا حکم ہے اگر اس میں چھپکلی گر جائے چوہا گر جائے اور مرے نا تو کیا حکم ہے؟ اور اگر مر جائے مگر سڑے گلے نہیں تو کیا حکم ہے؟ اور گاوں میں ایسا بار بار ہوتا رہتا ہے کبھی کوئی کبھی کوئی چیز گر جاتی ہے تو لوگ بیچارے ہر روز کیسے پورا پانی خالی کریں گے اور پانی کہاں سے لائیں کیوں کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر پیسوں سے پانی خریدنا پڑتا ہے ایک صاحب نے کہا ہے کہ گھریلو ٹانکے جو بیس تیس فٹ ہوتے ہیں اگر اس میں چوہا گر جائے مرے نا مرے چھپکلی گر جائے تو سارا پانی ناپاک ہو جائے گا پورا ٹانکا صاف کرنا پڑے گا۔

    جواب نمبر: 601366

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 262-256/M=05/1442

     کتابوں میں جو بِئرٌ کا لفظ آیا ہے اس سے مراد ایسا کنواں ہے جو دَہ دَردَہ نہ ہو یعنی جاری پانی نہ ہو، درمختار میں ہے: اختلف في مُحدثٍ انغمس في بئر لدلو الخ ۔ وفی الشامي: قولہ (في بئر) أي دون عشر ․․․․․․ ای ولیست جاریة ۔ (شامی اشرفی: 1/315)

    آپ کے یہاں گھروں میں جو کنویں بنے ہوئے ہیں جن کو ٹانکے کہا جاتا ہے ان کی نوعیت اگر یہی ہے یعنی وہ دَہ دَردہ نہیں ہیں تو اُن میں اگر بڑی چھپکلی (جس میں بہتا ہوا خون ہوتا ہے) یا چوہا گِر کر مرجائے لیکن پھولے پھٹے نہیں تو بیس ڈول پانی نکالا جائے اور تیس ڈول نکال دینا بہتر ہے اور اگر پھول یا پھٹ جائے تو سارا پانی نکالنا چاہئے، اور جس میں بہتا ہوا خون نہ ہوتا ہو اس کے مرنے سے پانی ناپاک نہیں ہوتا۔ کنویں کے مسایل کتب فتاوی میں مفصل موجود ہیں، کنویں کی صحیح صورت حال بتاکر مقامی مفتیان کرام سے معلوم کرنا چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند