• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 58554

    عنوان: انگریزی بیت الخلاء کی وجہ سے بیٹھ نہیں سکتاہوں، اس لئے میں کھڑے ہو قضائے حاجت کرتاہوں اور ٹشو پیپر استعمال کرتاہوں،

    سوال: میں آفس ٹریننگ میں جینس اور پاجامہ پہنتا ہوں ، ڈیوٹی کے وقت جب میں بیت الخلاء جاتاہوں تو انگریزی بیت الخلاء کی وجہ سے بیٹھ نہیں سکتاہوں، اس لئے میں کھڑے ہو قضائے حاجت کرتاہوں اور ٹشو پیپر استعمال کرتاہوں، کیوں کہ اگر میں پانی استعمال کروں تو ممکن ہے کہ پانی کے قطرے میرے کپڑے اور جسم پر پڑ ے ، اس لیے میں ٹشیو پیپر استعمال کرتاہوں ، کیایہ میرے لیے درست ہے؟کیا میں اس صورت حال میں نماز پڑھ سکتاہوں؟ جب کہ پانی میرے سامنے دستیاب ہوتاہے۔ براہ کرم، تفٓصیل سے بتائیں۔

    جواب نمبر: 58554

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 607-601/N=7/1436-U

    اگر انگریزی بیت الخلاء میں بیٹھ کر پیشاب کرنے کی کوئی صورت نہ ہو، نیز آپ کے آفس میں کوئی انڈین پیشاب خانہ یا بیت الخلاء بھی نہ ہو تو آپ ایسی صورت میں انگریزی بیت الخلاء میں کھڑے ہوکر پیشاب کرسکتے ہیں، اور اگر پانی استعمال کرنے کی صورت میں جسم یا کپڑوں کے ناپاک ہوجانے کا اندیشہ ہو تو صرف ٹشوپیپر سے استنجا خشک کرلینا کافی ہے، اور اس کے بعد وضو کرکے نماز بھی پڑھ سکتے ہیں بشرطیکہ پیشاب مخرج سے ہٹ کر ادھر ادھر پھیلاوٴ میں مقدار درہم سے زیادہ نہ لگ گیا ہو۔ اور اگر آپ نماز سے پہلے پانی سے استنجا کرلیا کریں اگر یہ ممکن ہو، تو بہت بہتر ہوگا۔ (درمختار وشامی: ۱/۵۵۷، ۵۷۴-۵۵۱، ۵۲۰، ۵۲۱ مطبوعہ مکتبہ زکریا دیوبند، حاشیة الطحطاوی علی المراقی ص: ۴۵، ۴۶، مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند