• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 58330

    عنوان: كارپیٹ كو پاك كرنے كا طریقہ

    سوال: (۱) میری بچی کبھی کارپیٹ پر پیشاب کردیتی ہے، میں اس پر پانی ڈالتی ہوں اور صاف کرتی ہوں، کیا یہ کافی ہے؟کیا اس سے ہماری نماز پر اثر پڑے گا؟ (۲) اگر میری بچی پوٹی (بچوں کے پیشاب پاخانہ کرنے کا برتن) پر پیشاب کرتی ہے اور بچی کو صاف کرتاہوں جب کہ میں باوضو ہوتی ہوں تو کیا اس سے وضوپر اثر پڑے گا؟

    جواب نمبر: 58330

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 308-308/Sd=6/1436-U (۱)

    صورت مسئولہ میں آپ کارپیٹ کس طرح دھوتی ہیں، یہ بات مکمل طور پر واضح نہیں ہے، صرف ایک مرتبہ پانی ڈال کر بہادیتی ہیں یا تین مرتبہ دھوتی ہیں؟ بہرحال ناپاک کارپیٹ کو جس کو نچوڑنا ممکن نہ ہو، پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ تین بار اسے دھویا جائے اور ہرمرتبہ دھوکر اتنی دیر چھوڑدیا جائے کہ اس سے پانی ٹپکنا بند ہوجائے (پوری طرح سوکھنا ضروری نہیں ہے) کارپیٹ کو پاک کرنے کے لیے تین مرتبہ اس طرح دھونا ضروری ہے، اس کے بعد ہی اُس پر نماز پڑھنا درست ہوگا، محض ایک بار پانی بہادینا کافی نہیں ہے، اور اگر کارپیٹ ایسا ہو کہ جس میں پانی جذب نہ ہو، تو ایسا کارپیٹ اوپر سے پانی ڈال کر بہادینے سے پاک ہوجائے گا۔ قال في الہندیة: وما لا ینعصر یطھر بالغسل ثلاث مرات والتجفیف في کل مرة؛ لأن للتجفیف أثرا في استخراج النجاسة وحد التجفیف أن یخلیہ حتی ینقطع التقاطر ولا یشترط فیہ الیبس․ (الہندیة: ۱/۴۲) جی نہیں! بچی کے پیشاب صاف کرنے کی وجہ سے آپ کے وضو پر کوئی اثر نہیں پڑے گا؛ البتہ اگر پیشاب بدن یا کپڑے پر لگ جائے، تو اس کو دھونا ضروری ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند