• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 57375

    عنوان: مذی كے قطرات نكلنے سے كیا كپڑوں كا بدلنا ضروری ہے؟

    سوال: میں ۲۳/ سال کا ہوں اکثر گرل فرینڈ سے بات کرتے ہوئے یہ محسوس کرتاہوں کہ کچھ قطرے نکلے ہیں وہ منی تو نہیں ہوتی کیوں کہ شہوت کے ساتھ نہیں نکلتی ہے پر تناوٴ کے ساتھ نکتی ہے۔ اس مذی کے نکلنے پر کپڑوں کا بدلنا لازم ہے یا نہیں؟ اور آپ کے اکثر فتووٴں میں صحیح پتہ نہیں چل رہا ہے۔ اور مجھے اکثر چلتے پھرتے اور اٹھتے بیٹھتے بھی قطرے محسوس ہوتے ہیں جب کہ اس وقت میں ایسا کچھ سوچ نہیں رہا ہوتا ہوں۔ ایسے میں کیا حکم ہے واضح لفظوں میں ان سب کا فرق اور ایسے مسئلوں میں کیا حکم ہے وہ سب بتائیں؟

    جواب نمبر: 57375

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 335-344/L=3/1436-U اگر نکلنے والے قطرات گاڑھے نہیں ہوتے اور نہ ہی اچھل کر نکلتے ہیں اورجس کے بعد اعضاء میں فتور پیدا نہیں ہوتا ہے تو وہ مذی کے قطرات ہیں اس کے نکلنے پر کپڑوں کو بدلنا ضروری نہیں؛ البتہ جس جگہ وہ قطرے لگے ہوں اس کو دھولیں؛ کیونکہ یہ قطرے نجس اور ناپاک ہیں، یہی حکم ان قطرات کا ہے جو آپ کو اکثر وبیشتر محسوس ہوتے ہیں، اگر وہ نکل کر کہیں لگے ہوں تو اس جگہ یا کپڑے کو دھولیا کریں کپڑا بدلنے کی ضرورت نہیں۔ ========================== نوٹ: اس طرح کے قطرے نکلنے سے صرف وضو ٹوٹتا ہے، غسل واجب نہیں ہوتا۔ (د) جواب صحیح ہے، نکاح کیے بغیر کسی لڑکی سے دوستی کرنا اوراس سے پیار ومحبت کی باتیں کرنا ناجائز ہے اس سے احتراز لازم ہے۔ (م)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند