• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 56813

    عنوان: پیشاب کے قطرے کم از کم ایک گھنٹہ کے بعد جا کر آنا ختم ہوتے ہیں

    سوال: میرے ساتھ پیشاب کے بعد پیشاب کے قطرے آنے کی بیماری ہے جس کی وجہ سے نماز پڑھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس حوالہ سے جو فتوی وغیرہ پڑھے ہیں ان میں بڑی آسانی سے یہ کہہ دیا جاتا ہے کہ نماز سے آدھا یا ایک گھنٹہ پہلے بیت الخلا سے فارغ ہو کر ٹشو پیپر کا ٹکڑا رکھ لیں اور نماز سے پہلے اس ٹشو پیپر کو نکال کر پھینک دیں مگر حقیقت میں ہر وقت ایسا نہیں ہو سکتا کیوں کہ اکثر مرتبہ نماز سے کچھ دیر پہلے بیت الخلاء کی حاجت ہوتی ہے اور خاص کر رمضان میں سحری کھانے کے بعد تو نماز کا وقت قریب ہوتا ہے ۔ میں گھر میں رہتے ہوئے جب بیت الخلاء جاتا ہوں تو اس کے بعد مخصوص شلوار یا ٹراؤزر پہن لیتا ہوں تو چلنے پھرنے میں عضو کی حرکت کی وجہ سے پندرہ سے بیس منٹ تک قطرے آ کر ختم ہو جاتے ہیں لیکن جب میں آفس میں یا باہر کہیں اور ہوتا ہوں اور بیت الخلاء سے فارغ ہو کر پیشاب کے قطرے کم از کم ایک گھنٹہ کے بعد جا کر آنا ختم ہوتے ہیں وہ بھی اس وقت جب دو سے تین بار بیت الخلاء جاکر عضو کو حرکت دے کر قطرے نکال نہ لوں کیونکہ انڈر ویئر پہننے کی وجہ سے چلنے پھرنے میں بھی عضو کی حرکت نہیں ہو پاتی۔ تفصیلی جواب درکار ہے ۔

    جواب نمبر: 56813

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 75-75/Sd=2/1436-U مرد کے لیے پیشاب کے بعد استبراء کرنا ضروری ہے، یعنی اس بات کا اطمینان کرلینا کہ پیشاب کے قطرے آنا بندہوگئے ہیں، طبعی اطمینان کے بعد ہی استنجاء کرنا چاہیے، اس لیے کہ اگر بعد میں قطرہ آگیا، تو اس سے کپڑا بھی ناپاک ہوگا اور پہلا استنجاء بھی بیکار ہوجائے گا، استنجے میں ڈھیلے یا ٹشوپیپر استعمال کرنے کی اسی لیے تاکید کی جاتی ہے کہ اس سے اطمینان ہوجاتا ہے اور پاکی اچھی طرح حاصل ہوجاتی ہے۔ آپ نے جو تفصیلات لکھی ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کو قطرات کا مرض ہے، آپ کسی طبیب حاذق سے اس کا علاج کرائیں، پیشاب کے بعد قطرے بند ہونے کا اطمینان کرلینا بہرحال ضروری ہے۔ قال في الہندیة: والاستبراء واجب حتی یستقر قلبہ علی انقطاع العود کذا في الظہیریة․․․ والصحیح أن طباع الناس مختلفة فمتی وقع في قلبہ أنہ تم استفراغ ما في السبیل یستجي (الہندیة: ۲/ ۴۹) نوٹ: سوال میں آپ کی یہ تعبیر ”بڑی آسانی سے یہ کہہ دیا جاتا ہے الخ“ آداب استفتاء کے خلاف ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند