• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 48566

    عنوان: گدے كو پاك كرنے كا طریقہ كیا ہوگا؟

    سوال: ایک بار بیٹے نے فوم کے گدے پہ پیشا ب کردیا ، گدہ نیا اور موٹا ہے اور نیا ہونے کی وجہ سے کافی سخت بھی ہے ، میں نے اس پہ تھوڑا پانی ڈالا اورایک پاک کپڑے سے گدے کو دبا دبا کے پانی کو جذب کرلیا ، ایسا تین دفعہ کیا ، ہردفعہ کپڑے کو دھو کے پاک کیا پھر اس سے پانی کو جذب کیا، پھر بغیر پانی ڈالے بھی تین دفعہ کپڑے کو دھو کے رگڑ رگڑ کے گدے کو پوچھا ، کیا گدہ پاک ہوجائے گا؟ اگر نہیں ہوا تو کیا ہم اس کے اوپر سے تین دفعہ پانی ڈال کے اس کے نیچے سے پانی ٹپکنے کا انتظار کروں ؟ گدہ اتنا سخت اور موٹا ہے کہ میں یقین سے نہیں کہہ سکتی کہ اوپر سے پانی ڈالنے سے نیچے سے پانی ٹپکے گا کہ نہیں؟اگر گدے سے پانی نہیں ٹپکا بلکہ جذب ہوتاگیا تو اس طرح تو ناپاکی پھیل جائے گی اور گدہ بھی خراب ہوکے کسی کام کا نہیں رہے گا۔ براہ کرم، تسلی بخش جوابدیں کہ پریشانی دور ہوجائے ۔

    جواب نمبر: 48566

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1750-1352/B=1/1435-U پیشاب کی جگہ کو تین مرتبہ دھونا لازم ہے اس کے بغیر وہ پاک نہ ہوگا، موٹے گدے کو اس طرح دھویا جاسکتا ہے کہ اس کے دونوں کناروں کو کسی اونچی چیز پر رکھ دیں اور پیشاب کی جگہ پر پانی ڈالیں یہاں تک کہ پانی نیچے سے نکلنے لگے، ایسے گدے سے پانی دیر سے سہی لیکن نکلتا ہے، پھر جب وہ پانی اتنا خشک ہوجائے کہ اس کو چھونے سے ہاتھ میں پانی نہ آئے خواہ تری محسوس ہوتی ہو، دوبارہ پانی ڈالیں اس طرح تین مرتبہ کریں پورا گدا دھونا ضروری نہیں، صرف پیشاب کی جگہ دھولیں تب بھی گدا پاک ہوجائے گا، مسلسل کئی روز اس کو دھوپ میں رکھ دیا جائے تو وہ سوکھ کر خراب ہونے سے بچ سکتا ہے۔ فأما إذا علم أنہ تشرب فیہ فقد قال أبویوسف ینقع في الماء ثلاث مرات ویجفف في کل مرة فیحکم بطہارتہ․ (البدائع: ۱/۲۵۰)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند