• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 47666

    عنوان: شلوار میں قطرے گرنے کا یقین ہو لیکن یقین کے ساتھ قطرے کی جگہ کا علم نہ ہو تو كیا كرے؟

    سوال: میری عمر 27 سال ہے اور مجھے پیشاب کے بعد ایک گھنٹہ یا اس سے زیادہ دیر تک قطرے آنے کا ڈر رہتاہے اور اگر پندرہ یا بیس منٹ میں نماز کے لیے وضو بنا لوں تو سجدہ یا رکوع میں قطرے آجاتے ہیں ، لیکن اگر ایک یا دو گھنٹے پہلے سے تیار ی کر لوں تو الحمد للہ نہیں آتے قطرے، لیکن ایک گھنٹہ کے دوران میری شلوار میں قطرے گر چکے ہوتے ہیں اس کا اندازہ نہیں ہوتا کہ کہاں پر گرے ہیں کہ وہ جگہ دھولوں ۔ مہربانی فرما کر مجھے اس کا حل بتائیںتاکہ پاکی ہوجائے۔

    جواب نمبر: 47666

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1284-1249/N=11/1434-U اگر آپ کو شلوار میں قطرے گرنے کا یقین ہو لیکن یقین کے ساتھ قطرے کی جگہ کا علم نہ ہو تو ایسی صورت میں جس جگہ کے متعلق آپ کو یقین یا غالب گمان ہو اسے دھوڈالیں، شرعی اعتبار سے آپ کی شلوار پاک ہوجائے گی اور اگر غور وفکر کے بغیر کوئی بھی امکانی جگہ دھوڈالی تب بھی شلوار پاک ہوجائے گی۔ اور اگر آپ پوری رومالی اور اس کے ارد گرد کا سارا حصہ دھوڈالیں تو یہ زیادہ اچھا ہے، اور احتیاط بھی اسی میں ہے : کذا في الدر والرد ﴿۱/۴۳۵، ۵۳۵ ط مکتبۃ زکریا دیوبند﴾ ونفع المفتي والسائل ﴿ص ۳۲، مطبوعہ مطبع مصطفائی﴾۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند