• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 44036

    عنوان: غسل اور وضو کے بارے میں

    سوال: ۱. میرا سوال یہ ہے کہ میں برہنہ ہوکر باتھروم میں نہایا اس دوران وضو کرلی اس کے بعد میں نے کمر کے اپر بدن پوچھ کر کپڑا پہن لیا. کیا میرا وضو رہے گا اور اس وضو سے نماز پڑھ سکتا ہوں - اگر ایسا عورت کرتی ہے تو کیا حکم ہے - ۲. اگر احتلام یا ہمبستر ی کے بعد صبح میں پینٹ ، شرٹ ، جیکٹ اور چادر اوڑھ کر کسی وجہ سے باہر جاکر آیا اس کے بعد غسل کی - کیا میرا پورا کپڑا ناپاک ہوگیا- مہربانی کرکے تفصیل سے بتایں- ۳. لنگی پہن کر وضو کرنے کے بعد پینٹ پہن لیا کیا میرا وضو ٹوٹ جائے گا۔

    جواب نمبر: 44036

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 341-268/B=3/1434 (۱) جی ہاں! صورتِ مذکورہ میں آپ کا وضو ہوگیا، آپ اس وضو سے نماز پڑھ سکتے ہیں۔ عورت بھی اگر برہنہ ہوکر وضو کرے تو اس کا وضو بھی صحیح ہوجائیگا، وہ بھی اس وضو سے نماز پڑھ سکتی ہے، اگرچہ بلاضرورت برہنہ ہونا تنہائی میں بھی اچھا نہیں۔ (۲) جی نہیں وہ سارے کپڑے آپ کے پاک ہیں، جنبی کے بدن کی نجاست حکمی ہوتی ہے، اس لیے جو کپڑے پہن رکھے ہیں یا اوڑھ رکھے ہیں وہ سب پاک رہیں گے۔ (۳) جی نہیں، آپ کا وضو نہیں ٹوٹے گا بلکہ باقی رہے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند