• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 40023

    عنوان: پیشاب كے قطرات كا خود بخود نكل جانا

    سوال: مجھے پیشاب کے قطروں کا بہت مسئلہ ہے۔ قضاے حاجت کے بعد میں پیشاب کی نالی کو نچوڑ کر اچھی طرح خشک بھی کرتا ھوں، لیکن پھر بھی اکثر قطرے خود بخود نکل جاتے ھیں، کبھی نماز میں اور کبھی یونہی۔ اس وجہ سے اکثر دن میں کئی مرتبہ کپڑے بھی بدلنے پڑتے ھیں۔ اور جس جگھ بیٹھوں وہ جگھ بھی ناپاک ھونے کا خطرہ ھوتا ھے، خواہ وہ جائے نماز ھو، کرسی ھو، گاڑی کی سیٹ ھو وغیرہ ۔ میرے لیے یہ ایک مصیبت بن گئی ہے۔ میں نے اس مسئلہ کا حل سوچا ھے ۔ اگر میں استنجا وغیرہ کے بعد اپنی پیشاب کی نالی کے اگلے حصے کو دبا کر ایک موٹے دھاگے سے باندھ لوں، جبکہ کوئی دقت بھی نہ ھو تو قطرے آنا بند ھو جاتے ھیں ۔ میرا سوال یہ ہے کہ کیا اس طرح قطرے روک کر میرا وضو کرنا اور نماز پڑھنا اور دوسری تمام عبادات کرنا درست ھے ؟ اس کے علاوہ کیا اس طرح کے ایک وضو سے میں کئی اوقات کی نمازیں پڑھ سکتا ھوں؟ جبکہ ِ إن نمازوں کے درمیان پیشاب کی حاجت بھی نہ ھو ؟ براہ کرم، میری اس مسئلہ میں رہنمائی فرما کر میری مشکل آسان فرمائیں۔اللہ آپ کو اجر عظیم عطا فرماے ۔

    جواب نمبر: 40023

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1075-684/H=8/1433 (۱) و (۲) پیشاب کی نالی کے اگلے حصہ کو موٹے دھاگہ سے باندھ لینے کے بعد قطرات کا آنا موقوف ہوجائے اور اس طرح کرلینے میں کچھ دقت بھی نہیں تو ایسا کرلینے میں کچھ حرج نہیں، جب تک نالی کے اگلے ظاہری حصہ تک قطرہ یا اس کی تری نہ آئے گی، اس وقت تک وضو باقی رہے گا اور دھاگہ بندھی ہوئی جگہ سے پیچھے کی طرف قطرہ رک جانے کی وجہ سے وضو ٹوٹنے کا حکم نہ ہوگا اور ایسی صورت میں اگر کوئی دوسرا ناقض وضو پیش نہ آئے تو ایک وضو سے کئی وقت کی نماز پڑھ لینے کی بھی اجازت ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند