• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 35445

    عنوان: کن چیزوں سے غسل واجب ہوجاتاہے؟

    سوال: (۱) کن چیزوں سے غسل واجب ہوجاتاہے؟ (۲) فرض کیجئے کہ میں نماز پڑھ رہا ہوں اور مجھے معلوم نہیں ہے کہ میرے کپڑے ناپاک ہیں تو کیا مجھے نماز دہرانی ہوگی؟ کبھی کبھار بیت الخلاء سے آنے کے بعدعموماً کچھ منٹ کے بعد دیکھتاہوں کہ کپڑے پر ناپاکی ہے اوراسی اثنا میں نماز پڑھتاہوں تو کیا اس صورت حال میں مجھے نماز دہرانی ہوگی؟ (۳) کیاکتابیہ سے، اس کو مسلمان بنائے بغیر ، شادی کرنا جائز ہے؟ اگر کوئی شخص اپنے گھروالوں کے علم میں لائے بغیر ایسی عورت سے شادی کرلے تو کیا حکم ہوگا؟

    جواب نمبر: 35445

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 2399=1374-12/1432 (۱) شہوت کے ساتھ منی کے نکلنے، جماع کرنے، حیض ونفاس سے پاک ہوجانے، احتلام ہوجانے سے غسل واجب ہوجاتا ہے۔ (۲) محض شک کی وجہ سے تو دہرانے کا حکم نہیں، البتہ اگر یقین یا ظن غالب کپڑے یا جسم کی ناپاکی کا ہو تو دہرانی ہوگی۔ (۳) کپڑے پر جب کہ نجاست لگی ہوئی آپ دیکھتے ہیں تو اسی حالت میں ان کپڑوں میں نماز درست نہ ہوگی، اور نماز کا پڑھنا بغیر کپڑے پاک کیے جائز بھی نہیں اور پڑھ لی تو اعادہ واجب ہے۔ (۴) کتابیہ سے کیا مراد ہے اور اس کے عقائد کیا ہیں؟ اس کی پوری تفصیل صاف صحیح واضح لکھ کر سوال کرتے۔ (۵) گھر والوں سے چھپاکر شادی کرنے کی کیا ضرورت درپیش ہے؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند