• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 32291

    عنوان: کیا منی کا بدن پر لگنا اتنا ہی برا جتنا کہ پیشاب کا لگنا؟

    سوال: میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں انزال باہر کرتاہوں جو سب کا سب بیوی کے بدن پر لگتا ہے جس کو ہم بعد میں دھولیتے ہیں ، مجھے انزال کے وقت بیوی سے الگ ہونا بہت مشکل ہوتاہے، سوال یہ ہے کہ کیا منی کا بدن پر لگنا اتنا ہی برا جتنا کہ پیشاب کا لگنا؟کیوں کہ عذاب قبر پیشاب کی بے احتیاطی کی وجہ سے ہوتاہے۔ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 32291

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ب): 787=657-6/1432 آپ کو انزال باہر نہیں کرنا چاہیے بلکہ بیوی کی شرمگاہ میں ہی کرنا چاہیے، انزال کے وقت بیوی سے الگ ہونے کی ضرورت نہیں، آپ اپنے آپ کو مشکل میں خودہی ڈالتے ہیں، ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ ہمبستری کے وقت اگر منی بیوی کے بدن پر یا آپ کے بدن پر اِدھر اُدھر لگ جائے تو کوئی حرج نہیں، یہ عذاب قبر کا سبب نہیں بنے گا۔ آپ بعد میں جب غسل کریں تو جہاں جہاں منی لگ گئی ہے اسے دھوکر اچھی طرح پاک وصاف کرلیں، منی اور پیشاب دونوں نجاست غلیظہ ہیں، اگر بدن یا کپڑے پر لگ جائے تو اسے دھوکر پاک کرنا ضروری ہے، عذاب قبر کی وعید اس شخص کے لیے جو پیشاب کی چھینٹوں سے نہیں بچتا ہے اس کے جسم پر اور اس کے کپڑوں پر پیشاب کے قطرے اور چھینٹیں رہتی ہیں اور اسے وہ دھوتا نہیں ہے۔ ویسے ہی ناپاکی کی حالت میں رہتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند