• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 31252

    عنوان: چار سال پہلے میری عشاء کی نماز چھوٹ گئی تھی بعد میں میں نے کہا کہ اگر دوبارہ میری عشاء چھوٹی تو میری بیوی کو تین طلاق ہوگی۔ تب سے میری عشاء کی نماز نہیں چھوٹی ہے۔

    سوال: چار سال پہلے میری عشاء کی نماز چھوٹ گئی تھی بعد میں میں نے کہا کہ اگر دوبارہ میری عشاء چھوٹی تو میری بیوی کو تین طلاق ہوگی۔ تب سے میری عشاء کی نماز نہیں چھوٹی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر میں عشاء کی نماز پڑھ رہا ہوں اور میرا وضو ٹوٹ اور نماز پڑھتارہوں تو کیا یہ نماز پڑھنے کی شرط پر ہوگی یا اس سے یہ ماناجائے گا کہ قصداًعشاء کی نماز چھوڑ دی گئی ہے؟ اور پھر تین طلاق واقع ہوجائے گی؟میں بہت تذبذب میں ہوں چونکہ میرا وضو ٹوٹتا رہتاہے اور نماز اداکرنے میں تقریبا ایک گھنٹہ لگا جاتاہے صرف اس خوف سے کہ کہیں تین طلاق کا مسئلہ پیش نہ آجائے۔ میں نے یہ بات غصہ کی حالت میں تین سال پہلی کہی تھی۔ براہ کرم، اس بارے میں میری رہنمائی فرمائیں۔ نیز بتائیں کہ اس صورت حال سے میں کیسے نکل سکتاہوں ؟ چونکہ کبھی ایسا ہوتاہے کہ میرے لیے عشاء کی نماز پڑھنا ممکن نہیں ہوتاہے مثلاً میں فلائٹ میں ہوتاہوں اور جہاز میں مجھے نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ملتی ہے؟ میں کافی پریشانی میں ہوں۔ میری مدد کریں۔

    جواب نمبر: 31252

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 662=154-4/1432 دورانِ نماز اگر وضو ٹوٹ جائے تو آپ نماز موقوف کردیں آگے جاری نہ رکھیں، بغیر طہارت نماز پڑھنا بہت سخت گناہ ہے، اس نماز کا اعتبار نہیں ہوگا، آپ دوبارہ وضو کرکے از سر نو نماز ادا کریں، اگر آپ نے دوبارہ نماز ادا نہیں کیا اور عشاء کا وقت نکل گیا تو آپ حانث ہوجائیں گے، اور آپ کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہوجائیں گی۔ آپ نے لکھا ہے ”میرا وضو ٹوٹتا رہتا ہے“ اگر آپ شرعی طور پر معذور ہیں تو ”بہشتی زیور“ میں مذکور معذور کے احکام کے مطابق عمل کرلیں۔(ب) عشاء کی نماز چھوٹنے سے اگر مراد اگر جماعت چھوٹنا ہے تو آپ اس کو دوبارہ لکھ کر معلوم کرلیں۔ (ج) اس طرح کے معاملے میں تین طلاق سے بچنے کے لیے درمختار میں ایک حیلہ لکھا ہوا ہے، لہٰذا اس سلسلے میں مقامی کسی معتبر عالم دین سے مراجعت کرلیں فحیلة من علق الثلاث بدخول الدار أن یطلقہا واحدة، ثم بعد العدة تدخلہا فتنحل الیمین فینکحہا (در مع الرد: ۴/۶۰۹، کتاب الطلاق، باب التعلیق، ط: زکریا دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند