• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 29553

    عنوان: میں ریاض ، سعودی عرب میں رہتاہوں، یہاں اکثر لوگ اپنے جوراب پر مسح کرتے ہیں اور ان کے فقہ کے مطابق یہ درست ہے۔ میں مسلک حنفی پر عمل کرتاہوں، ہم لوگ اپنے آفس میں ایک مخصوص جگہ پر نماز پڑھتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کیاایسے شخص کے پیچھے میری نمازدرست ہوگی جو اپنے جوراب پر مسح کرتاہو؟ہم اکثر حالات سے واقف نہیں ہوتے ہیں نیز ہمارے پاس اتنا وقت بھی نہیں ہے کہ معلوم کریں کہ کیا امام صاحب نے اپنے پیروں کو دھوئے ہیں یا اپنے جوراب پر مسح کئے ہیں۔ علاوہ ازیں جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کے علاوہ ہماری کوئی دلچسپی بھی نہیں ہے۔ چونکہ وہ ہمیں نماز پڑھانے کا موقع نہیں دیتے ہیں۔براہ کرم، اس بارے میں ہماری رہنمائی فرمائیں۔ 

    سوال: میں ریاض ، سعودی عرب میں رہتاہوں، یہاں اکثر لوگ اپنے جوراب پر مسح کرتے ہیں اور ان کے فقہ کے مطابق یہ درست ہے۔ میں مسلک حنفی پر عمل کرتاہوں، ہم لوگ اپنے آفس میں ایک مخصوص جگہ پر نماز پڑھتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کیاایسے شخص کے پیچھے میری نمازدرست ہوگی جو اپنے جوراب پر مسح کرتاہو؟ہم اکثر حالات سے واقف نہیں ہوتے ہیں نیز ہمارے پاس اتنا وقت بھی نہیں ہے کہ معلوم کریں کہ کیا امام صاحب نے اپنے پیروں کو دھوئے ہیں یا اپنے جوراب پر مسح کئے ہیں۔ علاوہ ازیں جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کے علاوہ ہماری کوئی دلچسپی بھی نہیں ہے۔ چونکہ وہ ہمیں نماز پڑھانے کا موقع نہیں دیتے ہیں۔براہ کرم، اس بارے میں ہماری رہنمائی فرمائیں۔ 

    جواب نمبر: 29553

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 291=166-2/1432

    عام جوارب پر مسح کے بارے میں اختلاف افضلیت یا غیر افضلیت کا نہیں؛ بل کہ جواز او رعدم جواز کا ہے؛ اس لیے یہ بہت نازک مسئلہ، اور مذکورہ صورت میں چوں کہ ظن غالب یہی رہتا ہے کہ امام صاحب پر پاؤں دھونا واجب ہونے کے باوجود نہیں دھوتے؛ بل کہ جوارب پر مسح کرتے ہیں؛ اس لیے اگر آپ ان کی جماعت میں شریک ہوں گے تو آپ کی نماز نہیں ہوگی؛ لہٰذا آپ کوشش کرکے دو تین ساتھی کے ساتھ الگ جماعت کرلیں، اگر ایسا ممکن نہ ہو تو انفراداً نماز پڑھ لیں۔، البتہ اگر کسی قوی ذریعہ سے معلوم ہوجائے کہ امام صاحب اختلاف کی رعایت کرتے ہیں تو پھر ان کی اقتداء میں نماز پڑھنا چاہیے، جماعت ترک کرنا جائز نہ ہوگا۔ والذي یمیل إلیہ عدم کراہة الاقتداء بالمخالف ما لم یکن غیر مراع في الفرائض (رد المحتار)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند