• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 2901

    عنوان:

    صبح سوکر اٹھنے کے بعد اگر کپڑے پر سفید قطرے نظر آئیں تو کیا اس پر غسل واجب ہوگا یا نہیں ؟

    سوال:

    صبح سوکر اٹھنے کے بعد اگر کپڑے پر سفید قطرے نظر آئیں تو کیا اس پر غسل واجب ہوگا یا نہیں ؟یا اسی حالت میں نماز پڑھ سکتے ہیں؟ (۲) بیت الخلاء میں پیشاب کرتے ہوئے جب پیشاب کے چھینٹے کپڑے پر جائیں تو کیا کریں؟

    جواب نمبر: 2901

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 151/ ل= 151/ ل

     

    پہلے یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ ذَکر سے تین قسم کی رطوبت نکلتی ہے:

    ۱- منی گاڑھی ہوتی ہے اور اس کا خروج قوت اورجست کے ساتھ ہوتا ہے، اس کے بعد انتشار ختم ہوجاتا ہے۔

    ۲- مذی رقیق ہوتی ہے جو بیوی سے ملاعبت کے وقت نکلتی ہے اس کے خروج کے وقت کوئی شہوت یا لذت حاصل نہیں ہوتی جو منی میں حاصل ہوتی ہے۔

    ۳- ودی بھورے رنگ کی ہوتی ہے جو پیشاب کے بعد اور کبھی اس سے پیشتر خارج ہوتی ہے، یہ تفصیل جاننے کے بعد اگر سوکر اٹھنے والا اگر اپنے کپڑے پر سفید قطرے دیکھے تو اس میں چودہ صورتیں ہیں۔

    (۱) منی کا یقین ہو۔ (۲) مذی کا یقین ہو۔ (۳) ودی کا یقین ہو۔ (۴) منی ومذی میں شک ہو۔ (۵) مذی اور ودی میں شک ہو۔ (۶) منی اور ودی میں شک ہو۔ (۷) منی، مذی اور ودی میں شک ہو، یہ سات شکلیں ہوئیں۔ اور ہرایک میں دو احتمال ہیں۔ خواب کا یاد ہونا یا یاد نہ ہونا ، یہ چودہ صورتیں ہوگئی، اس میں سے چار صورتوں میں غسل نہیں ہے۔ (۱) مذی کا یقین ہو اور خواب یا د نہ ہو (۲)و (۳) ودی کا یقین ہو اور خواب یاد ہو یا نہ ہو (۴) مذی اور ودی میں شک ہو اور خواب یاد نہ ہو، اس تفصیل کے بعد آدمی خود ہی نتیجہ نکال سکتا ہے۔ البتہ اگر کوئی بات سمجھ میں نہ آئے تو دوبارہ سوال کرلیا جائے۔

    (۲) پیشاب کرتے وقت پوری کوشش کرنی چاہیے کہ پیشاب کے چھینٹے کپڑوں پر نہ آئیں اوراگر چھینٹے کپڑوں پر لگ جائیں تو ان کو دھل لیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند