• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 24353

    عنوان: براہ کرم، درج ذیل مسئلے کے بارے میں مسنون دعابتائیں۔ (۱) میں نماز پڑھتاہوں اور پھر یقین نہیں ہوتاہے کہ میں نے نماز پڑھ لی ہے؟ (۲) میں وضو اور غسل میں پانی بہت بہاتا ہوں۔(۳) میں بہت سی رکعات پڑھتاہوں اورہر وقت سجدہ سہو کرتاہوں، یہاں تک میں ایک سے زائد مرتبہ پڑھتا ہوں۔(۴) مجھے یقین نہیں ہوتا ہے کہ میرے کپڑے پاک صاف ہیں یا نہیں؟ اور ہر مرتبہ میں کپڑے بدلتاہوں۔ مجھے بہت زیادہ فکر رہتی ہے کہ نماز مکمل ہوئی یا نہیں؟ میں باتھ روم میں بہت وقت صرف کرتاہوں؟ براہ کرم، اس سلسلے میں میری رہنمائی فرمائیں۔

    سوال: براہ کرم، درج ذیل مسئلے کے بارے میں مسنون دعابتائیں۔ (۱) میں نماز پڑھتاہوں اور پھر یقین نہیں ہوتاہے کہ میں نے نماز پڑھ لی ہے؟ (۲) میں وضو اور غسل میں پانی بہت بہاتا ہوں۔(۳) میں بہت سی رکعات پڑھتاہوں اورہر وقت سجدہ سہو کرتاہوں، یہاں تک میں ایک سے زائد مرتبہ پڑھتا ہوں۔(۴) مجھے یقین نہیں ہوتا ہے کہ میرے کپڑے پاک صاف ہیں یا نہیں؟ اور ہر مرتبہ میں کپڑے بدلتاہوں۔ مجھے بہت زیادہ فکر رہتی ہے کہ نماز مکمل ہوئی یا نہیں؟ میں باتھ روم میں بہت وقت صرف کرتاہوں؟ براہ کرم، اس سلسلے میں میری رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 24353

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 1279=321-8/1431

    آپ کے سوال سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کو شک اورو سوسہ کی بیماری ہے، آپ دماغ کی تقویت کے لیے کسی ماہر حکیم سے مل کر معجون وغیرہ لے لیں، نیز دن میں کسی بھی وقت باوضو ہوکر اول وآخر سو سو مرتبہ درود شریف پڑھ کر ۵۰۰ مرتبہ لاحول پڑھ لیا کریں، ان شاء اللہ آپ کے دماغ سے اس طرح کے وسوسے دور ہوجائیں گے۔
    (۱) اگر نماز پڑھنے کے بعد دل میں یہ آئے کہ میں نے نماز نہیں پڑھی ہے تو اس کی طرف التفات نہ کریں اور بہتر یہ ہے کہ آپ ایک چھوٹی ڈائری جیب میں رکھیں اور نماز پڑھنے کے بعد لکھ لیں کہ میں نے مثلاً ظہر کی نماز پڑھ لی ہے تاکہ شبہ کے وقت آپ اس کو دیکھ لیں۔
    (۲) وضو اور غسل میں زیادہ پانی نہ بہائیں بلکہ تعلیم الاسلام میں وضو اور غسل کا مسنون طریقہ دیکھ لیں جب آپ اس کے مطابق وضو یا غسل کرلیں تو پھر محض شبہ کی بنا پر مزید پانی نہ بہائیں ان شاء اللہ اس ترکیب سے آپ کے اندر سے وضو اور غسل میں شبہات ووساوس آنے بند ہوجائیں گے۔ 
    (۳) نماز میں جب تک سجدہ سہو کا یقین نہ ہو اس وقت تک محض شبہ کی وجہ سے سجدہ سہو نہ کریں اور نہ ہی شبہ کی وجہ سے نماز کا اعادہ کریں۔ 
    (۴) کپڑے پر اگر ناپاکی لگی ہو تو تین بار دھوکر اور ہرمرتبہ نچوڑکر چھوڑدیں کپڑا پاک ہوگیا، شبہ کی وجہ سے اس سے زاید مرتبہ نہ دھوئیں اگر آپ ان چیزوں پر عمل کریں گے تو ان شاء اللہ شبہات ختم ہوجائیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند