• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 24036

    عنوان: مجھے وضو ٹوٹنے کی بیماری ہے، تقریبا پانچ سے دس منٹ میں وضو ٹوٹ جاتاہے اور کبھی جلدی بھی، تو کیا میں بار بار وضو بناؤں یا ایک دفعہ کا بناہوا کافی ہوگا مجبوری کی وجہ سے ؟

    سوال: مجھے وضو ٹوٹنے کی بیماری ہے، تقریبا پانچ سے دس منٹ میں وضو ٹوٹ جاتاہے اور کبھی جلدی بھی، تو کیا میں بار بار وضو بناؤں یا ایک دفعہ کا بناہوا کافی ہوگا مجبوری کی وجہ سے ؟

    جواب نمبر: 24036

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(م): 1144=1144-8/1431

    ایک وقتیہ نماز کے پورے وقت میں اگر اتنا بھی موقع نہیں ملتا کہ وضو کرکے فرض پڑھ سکیں اور عذر لاحق نہ ہو تو ایسی صورت میں آپ شرعی معذور ہوں گے اورمعذور شرعی کے لیے حکم یہ ہے کہ وقت کے اندر وضو کرکے اس سے فرض، نفل وغیرہ جو چاہیں پڑھ سکتے ہیں، جس عذر کی وجہ سے آپ معذور بنے ہیں اس عذر کے لاحق ہونے سے آپ کا وضو نہیں ٹوٹے گا، اسی حال میں آپ نماز وغیرہ پڑھ سکتے ہیں، البتہ وقت ختم ہوتے ہی آپ کا وضو بھی ختم ہوجائے گا اور دوسری نماز کے لیے دوسرا نیا وضو کرنا ہوگا، اسی طرح ہرنماز کے وقت نیا وضو کرنا ہوگا اور اگر وہ صورت حال نہیں ہے جو اوپر لکھی گئی ہے تو آپ معذور شرعی نہیں کہلائیں گے اور آپ کے لیے وہ حکم نہیں ہے بلکہ آپ کے لیے غیرمعذور کے احکام جاری ہوں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند