• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 18709

    عنوان:

    پیشاب کے قطرات گرنے کا عارضہ ہے

    سوال:

    میرا سوال یہ ہے کہ مجھے پیشاب کا مسئلہ ہے۔ نماز کے دوران مجھے ایسا لگتا ہے کہ شاید پیشاب کا قطرہ خارج ہوگیا ہے۔اس وجہ سے میں ہمیشہ ہر نماز کے لیے تازہ وضو کرتا ہوں مگر پھر بھی وضو باقی نہیں رہتا۔ حتی کہ میں نے ایک نماز کے لیے چار بار بھی وضو کیا ہے، تین بار بھی اور دو بار بھی مگر پھر بھی ٹوٹ جاتا ہے۔ اس طرح نہ میں نماز صحیح طرح پڑھ سکتا ہوں اور نہ ہی قرآن کی تلاوت ، کیوں کہ قرآن کے لیے بھی وضو ضروری ہے۔ اب آپ بتائیں کہ میں کیا کروں؟ اگر فرض پڑھتا ہوں تووضو کی وجہ سے سنت یا وتر نہیں پڑھ سکتا ہوں۔میں کیا کروں میں تو بہت پریشان ہوں۔ آپ مجھے ایسا جواب دیں جس سے میں مطمئن ہوجاؤں۔

    جواب نمبر: 18709

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ب): 165=1tb-2/1431

     

    اگر قطرہ نکلنے کا ایسا عارضہ ہے کہ ایک نماز بھی باوضو پڑھنا آپ کے لیے مشکل ہورہا ہے تو آپ شرعاً معذور ہیں۔ آپ ہرنماز کا وقت شروع ہوجانے پر تازہ وضو کریں اور اس وضو سے سنت، فرض، وتر سب کچھ ادا کریں، نماز ادا کرتے وقت اگر پیشاب کے قطرے آتے رہیں جب بھی آپ نماز ادا کرتے رہیں۔ آپ کی نماز اِس حالت میں بھی صحیح ادا ہوجائے گی۔ او رپورے نماز کے وقت آپ کا وضو باقی رہے گا، آپ تلاوت نوافل بھی اسی وضو سے وقت کے اندر اندر ادا کرسکتے ہیں۔ معذور کے لیے شریعت نے سہولت دے رکھی ہے، آپ پریشان نہ ہوں، مطمئن ہوکر نماز ہوجائے گی۔ صرف آپ کو ہرنماز کے وقت تازہ وضو کرنا ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند