عبادات >> طہارت
سوال نمبر: 179757
طہارت کے باب میں شک کا مریض کیا کرے؟
مجھے کچھ سال سے پیشاب کے بعد قطرے آنے کا مسئلہ ہے ، اور میں نے نادانی میں کسی غیر عالم سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ پیشاب سے فارغ ہونے کے بعد پانی کے چھینٹیں مار لوں، بعد میں صیح مسئلہ معلوم ہونے پر اب میں ٹشو پیپر استعمال کرتا ہوں اور قطرے سوکھ جانے کے بعد پانی سے طہارت لیتا ہوں کیونکہ میں پہلے استنجاء کے بعد ٹشو کے بغیر سیدھا پانی استعمال کرتا تھا جس وجہ سے نجاست اور پھیل جاتی تھی اس وجہ سے اب مجھے گھر کی ہر جگہ پر جیسے بیڈ پر کرسی پر اور ہر جگہ شک ہو گیا ہے کہ میں ناپاک حالت میں اس پر بیٹھ گیا ہوگا اس وجہ سے میں شدید وساوس میں مبتلا ہوں۔ برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں۔
جواب نمبر: 179757
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:10-8/N=2/1442
وساوس کا مرض خطرناک ہے، جس کسی کو ہوجاتا ہے، اس کی زندگی ذہنی الجھنوں اور پریشانیوں کا مجموعہ ہوجاتی ہے اور اس کے آغاز وترقی میں بنیادی طور پر خود صاحب مرض کا دخل ہوتا ہے؛ لہٰذاآپ پاکی، ناپاکی کے سلسلے میں زیادہ سوچنا بند کریں اور پاکی، ناپاکی کے مسئلے میں معتبر مفتی کے بتائے ہوئے مسائل پر عمل کیا کریں، ان میں اپنی شک شبہ کی ذہنیت کو دخل نہ دیں اور درج ذیل دعا کثرت سے پڑھا کریں، إن شاء اللّٰہ اس مرض پر قابو پانا آسان ہوگا:
أَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ آمَنْتُ بِاللّٰہِ وَرُسُلِہ۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند