• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 177648

    عنوان: موزے یا اسٹاکنگس جس کا انگلیوں کی طرف کا حصہ کھلا ہوا ہو اور جس سے انگلیاں نظر آتی ہوں کیا اُن پر مسح جائز ہوگا؟

    سوال: موزے یا اسٹاکنگس جس کا انگلیوں کی طرف کا حصہ کھلا ہوا ہو اور جس سے انگلیاں نظر آتی ہوں کیا اُن پر مسح جائز ہوگا؟

    جواب نمبر: 177648

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 697-565/D=08/1441

    تین طرح کے موزوں پر مسح کرنا جائز ہے۔

    (۱) مُجلَّد ہوں یعنی جن کے اوپر اور نیچے دونوں طرف چمڑا لگا ہوا ہو جیسا کہ موجودہ دور کے خفین ہوتے ہیں۔

    (۲) منعل ہوں یعنی جن کا نیچے والا حصہ چمڑے کا ہو۔

    (۳) موزے کپڑے کے بنے ہوئے اتنے ثخین (موٹے) ہوں کہ پنڈلی پر بغیر باندھے ہوئے رُک جائیں، انھیں پہن کر تین میل جوتے پہنے بغیر سفر کریں تو وہ پھٹے نہیں اور یہ کہ اس میں پانی چھنے نہیں اور جلدی سے جذب نہ ہو۔

    ایسے موزوں پر مسح کرنا جائز ہے لیکن جن موزوں پر مسح کرنا جائز ہے ان پر مسح کے صحیح ہونے کے لئے شرط یہ ہے کہ تین انگلی کے بقدر کٹا یا پھٹا نہ ہو ورنہ مسح درست نہ ہوگا۔

    آپ نے جن موزوں یا اسٹاکنگس کا ذکر کیا ہے اگر وہ مثل خفین کے ہیں اور اُن میں مسح کی مذکورہ بالا شرط پائی جاتی ہو تو بھی تین انگلی کے بقدر پھٹا ہونے کی وجہ سے اس پر مسح جائز نہیں۔

    والثخین أن یقوم علی السَّاق من غیر شد ولا یسقط ولا ینشف ۔ (خانیة علی الہندیة: ۱/۵۲) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند