• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 175123

    عنوان: نماز ادا كرتے وقت گیس بنتا رہتا ہے‏، میں نماز كس طرح ادا كروں؟

    سوال: مجھے قبض رہتاہے جس کی وجہ سے مجھے گیس بنا رہتا ہے اور جب میں نماز ادا کرتا حو تو گیس بنتا ہے جس کی وجہ سے نماز اداکرنا مشکل رہتا ہے میں کیا کروں؟

    جواب نمبر: 175123

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 342-303/M=04/1441

    گیس اور قبض کی شکایت ہے تو اس کا علاج کرائیں، جہاں تک نماز پڑھنے کا مسئلہ ہے تو اس کے متعلق عرض ہے کہ اگر گیس بننے اور ریاح خارج ہونے کی کثرت ہے اور بلا اختیار ریح خارج ہو جاتی ہے اور کسی ایک نماز کا پورا وقت ایسا گذر چکا ہے کہ اس عذر (گیس) کی وجہ سے وقتیہ فرض نماز ادا کرنے کا موقع نہ ملا ہو تو ایسی صورت میں ایک نماز کے وقت میں ایک وضو آپ کو کافی ہوگا۔ اور جب تک وقت باقی رہے گا خروج ریاح کی وجہ سے آپ کا وضو نہیں ٹوٹے گا آپ اسی حال میں نماز پڑھ سکتے ہیں، دوسرے وقت کی نماز کے لئے دوسرا وضو کرنا ہوگا۔ اور اگر گیس نکلنے کی یہ صورت نہیں ہے یعنی ریاح کا خارج ہونا اختیاری ہے اور اتنا وقت خالی مل جاتا ہے کہ وضو کرکے فرض نماز ادا کر سکتے ہیں اور ریاح کا خروج نہیں ہوتا تو ایسی صورت میں جب جب بھی ریح کا خروج ہوگا وضو ٹوٹ جائے گا اور ہر مرتبہ وضو کرنا ہوگا اور ریح خارج نہ ہو تو محض گیس بننے کی وجہ سے وضو نہیں ٹوٹے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند