• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 169987

    عنوان: گیس كی زیادتی كی صورت میں طہارت اور نماز كیسے ادا كریں؟

    سوال: میرے والد کو السر کا مسئلہ ہے، گیس بہت زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے گیس پاس ہوتی ہے، سوال یہ ہے کہ ایسی صورت میں نماز سے پہلے وضو کا کیا جائے؟ لیکن نماز پڑھنے تک ان کا وضو قائم نہ رہے تو ان کو کیا کرنا چاہئے ؟ نماز ادا کرسکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 169987

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:725-608/sd=8/1440

    اگر آپ کے والد کاایک فرض نماز کا مکمل وقت ایسا نہیں گذرا ہے کہ جس میں وضوء کرنے کے بعد ریاح کے بغیر فرض نماز (صرف فرائض پر اکتفاء کرتے ہوئے ) اداء نہ کر سکیں، تو ایسی صورت میں شرعا آپ کے والد معذور نہیں ہونگے ، لہذا وضوء کرکے نماز اداء کرنی ہوگی، اگر نماز کے دوران وضوء ٹوٹ گیا، تو از سر نو وضوء کرکے نماز اداء کرنا ضروری ہوگا اور اگر ایک فرض نماز کا وقت ایسا گذر جائے کہ اگر اس میں عذر کے بغیر وضوء کر کے فرض اداء کرنا چاہیں، تو نہ کر سکیں، یعنی عذر کا تسلل اس درجہ ہو، تو پھر والد صاحب معذور شرعی ہوں گے ، لہذا وقت میں والد صاحب کے لیے ایک دفعہ وضوء کرکے جتنی چاہیں نمازیں پڑھنا جائز ہوگا، ریاح کی وجہ سے دوبارہ وضوء کرنا ضروری نہیں ہوگا ؛ البتہ نقض وضوء کا اگر کوئی دوسراسبب پایا گیا، تو وضوء کرنا لازم ہوگا ۔۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند