• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 163429

    عنوان: خروجِ ریاح وغیرہ کا عذر جس کو ہو اس کے لیے افعالِ عمرہ ادا کرنے کا حکم؟

    سوال: ریاح اور لیکوریا کا مسئلہ ذرا سا چلنے پھرنے سے ہو جاتا ہے ایسے میں عمرہ کیسے کرناہوگا؟ ہمیں13 سال کی عمر میں ایک عمرے کے دوران صفا مروہ میں ریاح خارج ہوئی اس وقت معلوم نہ تھا اب دہرانا ہوگا کیا؟ اگر عورت کو احرام کی حالت میں حرم پہنچنے سے پہلے سفر میں بوسہ دینا یا فلمی رومانوی سین یا مخصوص اعضاآنکھ لگنے پر خواب میں آجاے تو کیا معوذتین پڑھے یا غسل واجب ہوگا اگر لیکوریا کا مسئلہ مہینے میں اکثر رہتا ہے اور ریاح کا بھی تو وضو کرتے میں ریاح خارج پر فوراً دہرانا ہے یا ہر بار طہارت بھی کرنی ہے ؟ مجھے دونوں مسائل مہینے بھر رہتے ہیں کچھ دن نہیں ہوتے علاج سے بھی زیادہ فرق نہیں ہوا فرض نماز بھی بیٹھ کے ہوتی ہے جلدی سے کھڑے ہو کر پڑھنے میں اکثر ریح کا اخراج ہوجاتا ہے اور جب طہارت کروں تو لیکوریا بھی بہت کم مہینے کے دن نارمل رہتی تو کیا عمرہ کرسکتے ہیں؟قران پاک موبائل پہ پڑھ لیتی ہوں ۔ براہ کرم ہدایت کی خاص دعا کریں۔

    جواب نمبر: 163429

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1108-259T/SN=1/1440

    (۱) الف: طواف باوضو کرنا ضروری ہے؛ اس لئے آپ دھیمی رفتار کے ساتھ باوضو طواف کرلیں، اگر دورانِ طواف ریح خارج ہو جائے یا لیکوریا کا پانی نکل آئے تو وضو وغیرہ کرکے طواف کریں، واضح رہے کہ وضو کی حالت میں جتنے چکر آپ کرچکی ہوں گی وضو کرکے آنے کے بعد انہیں دہرانا واجب نہیں ہے آگے کے چکر پورے کرلینا کافی ہے؛ ہاں جس چکر کے دوران وضو ٹوٹا ہے اس چکر کو دہرا لینا بہتر ہے گو یہ بھی جائز ہے کہ جس جگہ وضو ٹوٹا تھا وہیں سے آگے طواف کرنا شروع کردیں۔ (غنیة: ۱۶۵)

    ب: اگر وضو ٹوٹنے کا عارضہ مسلسل لاحق ہو نتیجةً آپ اسی حال میں یعنی بغیر وضو ہی کے طواف کرلیں تب بھی ”رکن طواف“ ادا ہوجائے گا یعنی طوافِ عمرہ معتبر مانا جائے گا؛ البتہ ایسی صورت میں ایک ”دم“ دینا آپ پر ضروری ہوگا۔ طواف کے بعد ”سعی“ کی جاتی ہے اور ”سعی“ میں طہارت ضروری نہیں ہے؛ لہٰذا آپ بغیر وضو ہی سعی کرسکتی ہیں۔ اس کے بعد ”قصر“ کراکے حلال ہو جائیں، بس عمرہ ہو جائے گا۔

    (۲) سعی میں طہارت شرط نہیں ہے؛ اس لئے صورت مسئولہ میں اس سعی کو دہرانا ضروری نہیں۔

    (۳) اگر انزال ہو جائے تب تو غسل واجب ہوگا ورنہ نہیں؛ باقی اس طرح کے گندے خواب کے بعد جب آنکھ کھلے تو اللہ سے پناہ مانگے اور بائیں جانب تین بار تھو تھو کرکے کروٹ بدل لے۔ (مرقاة: ۲۰، المشکاة، رقم: ۵۶۱۳)

    (۴) وضو کے دوران اگر ریح خارج ہو جائے تو از سر نو شروع سے وضو کرنا ہوگا؛ جہاں تک اس حال میں عمرہ کرنے کا سوال ہے تو ا س کا تفصیلی جواب سوال نمبر ایک کے جواب میں آچکا ہے۔

    نوٹ: (الف) آپ کسی اچھے حکیم سے اپنا علاج کرائیں اور اللہ تعالی سے شفاء کے لئے دعائیں بھی کریں۔

    (ب) بہشتی زیور میں پاکی ناپاکی کے مسائل تفصیل سے ذکر کئے گئے ہیں، آپ ان کا مطالعہ کرلیں، بڑا فائدہ ہوگا۔

    (۵) قرآن کریم موبائل پر پڑھ سکتے ہیں؛ البتہ جب آیتیں اسکرین پر ہوں تو بلاوضو اسکرین پر ہاتھ نہ لگایا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند