• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 159029

    عنوان: گاڑی کی سیٹ یا کارپیٹ كو پاك كرنے كا طریقہ كیا ہے؟

    سوال: کیا طریقہ ہے گاڑی کی سیٹ یا کارپیٹ کی پاکی کا چونکہ مغربی ممالک میں گوند یا گلو کے ساتھ زمین سے کرپٹ ملی ہوتی ہے اور ایک چادر کا ایک حصہ پاک نہیں تو پاک حصہ پر نماز ہوگی جن کن سورتوں میں ہوگی اور کن کن میں نہیں؟

    جواب نمبر: 159029

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:724-188T/sn=9/1439

    (۱) گاڑی کی سیٹ یا کارپیٹ (جس میں نجاست سرایت کرنے کا اندیشہ ہو) پر اگر جسم والی مرئی نجاست (مثلاً پاخانہ) لگ جائے تو پانی یا اس جیسی کسی اور چیز کے ذریعے اگر اس کا عین زائل کردیا جائے تو سیٹ اور کارپیٹ پاک ہوجائے گی، اگر غیر مرئی نجاست مثلاً پیشاب لگ جائے تو سیٹ وغیرہ اسی وقت پاک ہوگی جب اس پر تین مرتبہ اس طور پر پانی بہایا جائے کہ ایک مرتبہ کے بعد اتنا توقف کیا جائے کہ پانی کے قطرات باقی نہ رہیں، ہرمرتبہ کے بعد پانی کو خشک کرنے کے لیے وائپر یا دیکر الیکٹرانک آلات کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ وقدر بغسل وعصر ثلاثا فیما ینعصر وبتثلیث جفاف أي انقطاع تقاطر في غیرہ أي غیر منعصر (تنویر مع الرد) وقال الشامي: قولہ أي غیر منعصر أي بأن تعذّر عصرہ کالخزف أو تعسّر کالبساط ونحوہ أفادہ في شرح المنیة (درمختار مع الشامي: ۱/ ۵۴۱، ط: زکریا)

    (۲) اگر کوئی بڑی چادر ہے جس کا ایک حصہ ناپاک ہے اور ایک حصہ پاک ہے تو پاک حصے پر نماز پڑھنا بہرصورت جائز ہے۔ وتصح علی طرف طاہر من بسطا أو حصیر أو ثوب وإن تحرّک الطرف النجس بحرکتہ (حاشیة الطحطاوي علی المراقي، ص: ۲۳۷، ط: دار الکتب العلمیہ)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند