• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 152433

    عنوان: ہر دوتین منٹ پر لیكوریا آتا ہے وضو كے سلسلے میں كیا مسئلہ ہے؟

    سوال: لکوریا یا عورت کی شرمگاہ سے پانی اندازً ہر دو تین منٹ کے فاصلہ پر آتا ہو اور وہ ٹشو پیپر کو شرمگاہ کے اندر کے بھی اندرونی حصے میں ڈالتی ہے تو کیا ہر نماز کے لئے وضو ہے یا نہیں؟ مکمل مسئلہ مفصل طورپر بیان کیجئے ؟

    جواب نمبر: 152433

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1104-1069/sd=11/1438

     یہ پانی ناپاک ہوتا ہے ، اس سے وضوء دوبارہ کرنا پڑے گا اور اگر یہ پانی کپڑے پر لگ جائے ، تو کپڑا بھی ناپاک ہوجائے گا، واضح رہے کہ اگر اس پانی کی اتنی کثرت ہو کہ ایک نماز کا پورا وقت اس طرح گذر جائے کہ اُس کو وضوء کرکے نماز پڑھنے کا موقع ہی نہ ملے ، مسلسل پانی آتا رہے ، مثلا: مغرب کا پورا وقت ڈیڑھ گھنٹہ ہے ، اتنے وقت میں اُس کو چند منٹ بھی اس پانی سے فراغت نہیں ملی کہ وہ وضوء کر کے تین رکعت پڑھ سکے ، تو ایسی حالت میں عورت شرعا معذور ہوگی، اس کا حکم یہ ہے کہ جب نماز کا وقت آئے ، تو وضوء کر لے ، اسی وضوء سے وقت کے اندر فرض، سنت نفل سب کچھ پڑھ سکتی ہے ، پانی آنے سے تجدید وضوء کی ضرورت نہیں ہوگی، پھر جب دوسری نماز کا وقت آئے ، تو دوبارہ وضوء کر لے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند