• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 14828

    عنوان:

    میرا سوال سونے اور پاکی کے بارے میں ہے۔ میں بستر پر سوتاہوں اورکبھی ناپاکی (احتلام )میرے بستر کو گیلا کردیتی ہے اور وقت کے ساتھ وہ خشک ہوجاتا ہے اوربستر دھلنے کی کوئی سبیل نہیں ہوتی ہے۔ تواگر میں اسی بستر پر وضو کرکے سوتاہوں (اس جگہ پر جہاں پر نجاست لگی تھی ) تو کیا اس سے پاک بستر پر سونے کا جو حکم ہے اس کے خلاف ہوگا (کیوں کہ بستر پاک نہیں تھا )؟ اور برائے کرم مجھے بتائیں کہ ایک گندے کپڑے کو جو کہ انزال یا احتلام وغیرہ سے ناپاک ہوگیا ہے اس کو پاک کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے اور کیا اس کپڑے کو دوسرے پاک کپڑوں کے ساتھ دھل سکتے ہیں یا ہمیں اس کوالگ سے صاف کرنا ہوگا؟

    سوال:

    جواب نمبر: 14828

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1366=1115/د

    (۱) ایسی صورت میں پاک بستر پر سونا نہیں کہلائے گا۔

    (۲) جس جگہ نجاست لگی ہے اسے خوب اچھی طرح تین مرتبہ دھوڈالیں، تو وہ کپڑا پاک ہوجائے گا، جہاں نجاست لگی ہے، سوکھ جانے کی وجہ سے وہ جگہ متعین نہ ہوسکے تو احتیاطاً زیادہ حصے کو دھوڈالیں۔ دوسرے پاک کپڑوں کے ساتھ دھونے کے لیے بہتر تو یہ ہے کہ نجس کپڑے کے نجاست والے حصہ کو الگ سے تین مرتبہ دھوکر پھر دوسرے کپڑوں میں ملائیں، لیکن اگر نجاست زائل کیے بغیر ایسی ہی ملادیا اور سب کپڑوں کو تین یا اس سے زائد مرتبہ صابن وغیرہ سے دھلائی کردی تو نجس کپڑا اور دوسرے کپڑے بھی پاک ہوجائیں گے۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند