• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 12854

    عنوان:

    (۱)اگر کسی مقتدی کا وضو ٹوٹ جائے تو وہ اپنی نماز کیسے پوری کرے جب کہ(۱) امام صاحب نماز پوری کرچکے ہوں (۲)امام صاحب ابھی نماز پڑھا رہے ہوں؟ جواب مثال دے کر عنایت فرماویں۔

     (۲) پینٹ یا پائجامہ اوپر سے (نیفے کے پاس سے) موڑ کر یا نیچے سے موڑ کرنماز پڑھنا کیسا ہے؟

    سوال:

    (۱)اگر کسی مقتدی کا وضو ٹوٹ جائے تو وہ اپنی نماز کیسے پوری کرے جب کہ(۱) امام صاحب نماز پوری کرچکے ہوں (۲)امام صاحب ابھی نماز پڑھا رہے ہوں؟ جواب مثال دے کر عنایت فرماویں۔

     (۲) پینٹ یا پائجامہ اوپر سے (نیفے کے پاس سے) موڑ کر یا نیچے سے موڑ کرنماز پڑھنا کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 12854

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 848=816/ب

     

    (۱) زید کی مثلاً ظہر کی دو رکعت نماز چھوٹ گئی اور وہ امام کے سلام پھیرنے کے بعد چھوٹی ہوئی نماز پوری کرنے کے لیے کھڑا ہوا اس دوران اس کا وضو ٹوٹ گیا، یا اس کی نماز تو نہیں چھوٹی تھی، مگر امام صاحب کے سلام پھیرنے سے قبل اس کا وضو ٹوٹ گیا، ان دونوں صورتوں میں اگر اس نے لوگوں سے بات نہیں کی ہے تو دوبارہ وضو کرکے بقیہ نماز پوری کرسکتا ہے، لما روي عن عائشة عن النبي صلی اللہ علیہ وسلم أنہ قال: من قاء أو رعف في صلاةٍ، انصرف وتوضأ وبنی علی صلاتہ ما لم یتکلم (بدائع الصنائع: ۱/۵۱۷، کتاب الصلاة، مطبوعہ زکریا دیوبند) لیکن عام طور پر لوگ بناء کے مسائل سے ناواقف ہوتے ہیں اس لیے از سر نو نماز پڑھنا افضل ہے: قال في الدر المختار: واستئنافہ أفضل تحرزًا عن الخلاف (درمختار: ۲/۳۵۵، مطبوعہ زکریا دیوبند)

    (۲) آدمی کو ہرحالت میں ٹخنے سے نیچے پاجامہ، پینٹ یا لنگی پہننے سے بچنا چاہیے؛ کیونکہ اس بارے میں احادیث میں سخت وعیدیں آئی ہیں۔ فرمایا گیا کہ: جو شخص پاجامہ یا لنگی سے ٹخنے ڈھانکے گا تو یہ حصہ دوزخ میں جلے گا۔ عن أبي ہریرة رضي اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ما أسفل من الکعبین من الإزار في النار (مشکاة: ۳۷۳، کتاب اللباس، الفصل الأول، ط: قدیمي) نماز اگر اس حالت میں ادا ہوگی تو مکروہ ہوگی، پاجامہ یا پینٹ کو اوپر سے بھی اور نیچے سے بھی دونوں طرح موڑ سکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند