• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 7733

    عنوان:

    میں تراویح کی نماز کیسے پڑھوں؟

    سوال:

    میں تراویح کی نماز کیسے پڑھوں؟

    جواب نمبر: 7733

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1550=1467/ د

     

    تراویح کی نماز بیس رکعت پڑھنا سنت موٴکدہ ہے، دو دو رکعت کی نیت باندھی جائے گی اگر آپ خود حافظ ہیں یا کسی حافظ امام کے پیچھے پڑھ رہے ہیں تو قرآن شریف ایک طرف سے پڑھا جائے تاکہ تراویح میں رمضان کے اندر اندر ایک قرآن پورا ہوجائے، اور اگر حافظ نہیں ہیں اور تنہا تراویح پڑھ رہے ہیں تو قیام میں سورہٴ فاتحہ کے بعد کوئی ایک سورت تیسویں پارہ کی پڑھ لیں یا الم تر کیف سے سورہٴ ناس تک پڑھ لیں۔ اس طرح دو مرتبہ کرنے سے بیس رکعت پوری ہوجائے گی۔ جس طرح کہ نفل اور سنت نمازیں پڑھی جاتی ہیں، اسی طرح تراویح کی نماز پڑھی جائے گی اس کا علیحدہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔ ہاں ہرچار رکعت پر تھوڑی دیر بیٹھنا مستحب ہے اسے جلسہٴ استراحت کہتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند