• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 67797

    عنوان: کیا سگریٹ نوشی مفسدِ صوم ہے ؟

    سوال: عرض ہے کہ حالتِ صوم میں سگریٹ نوشی مفسدِ صوم ہے یا نہیں؟ احقر کو یہ اشکال ہوا ہے کہ یہ عمل ایسا نہیں ہے کہ جو دوائا یا غذائا پیٹ میں لی جائے ۔ الحاصل کیا اس عمل سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اگر جواب اثبات میں ہے تو وجہ بیان فرما کر عنداللہ ماجور ہوں۔

    جواب نمبر: 67797

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1068-1090/N=10/1437 سگریٹ پینے والا جان بوجھ کر سگریٹ کا نشیلا دھواں حلق اور دماغ میں لے جاتا ہے اور جان بوجھ کر کسی چیز کا دھواں حلق میں داخل کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؛ اس لیے علما نے فرمایا کہ سگریٹ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے (فتاوی دار العلوم دیوبند۶: ۴۱۵، ۴۱۶، سوال: ۱۱۲، مطبوعہ: مکتبہ دار العلوم دیوبند، آپ کے مسائل اور ان کا حل جدید تخریج شدہ ۴: ۵۷۶، مطبوعہ: کتب خانہ نعیمیہ دیوبند) ، اور اگر کسی نے رمضان کے روزے میں روزہ یاد ہونے کی حالت میں سگریٹ نوشی کی تو اس پر قضا کے ساتھ کفارہ بھی واجب ہوگا (آپ کے مسائل اور ان کا حل جدید تخریج شدہ ۴: ۵۷۶، مطبوعہ: کتب خانہ نعیمیہ دیوبند) ، لو أدخل حلقہ الدخان أفطر أي دخان کان، ولو عوداً أو عنبراً لو ذاکراً ؛ إمکان التحرز عنہ فلیتنبہ کما بسطہ الشرنبلالي (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم وما یفسدہ ۳: ۳۶۶، ط: مکتبة زکریا دیوبند) ، قولہ: ”لو أدخل حلقہ الدخان“ : ، …… ، وبہ علم حکم شرب الدخان، ونظمہ الشرنبلالي في شرحہ علی الوھبانیة قولہ: ویمنع من بیع الدخان وشربہ وشاربہ فی الصوم لا شک یفطر، ویلزمہ التکفیر لو ظن نافعاً، کذا دافعاً شھوات بطن فقرروا (رد المحتار) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند