عبادات >> صوم (روزہ )
سوال نمبر: 66983
جواب نمبر: 66983
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 974-957/N=10/1437
(۱): جی !نہیں، اگر کسی عورت کو روزہ کی حالت میں ماہواری شروع ہوگئی تووہ روزہ ختم ہوگیا ؛ کیوں کہ عورت کے حق میں روزہ کی صحت کے لیے عورت کا صبح صادق سے کچھ پہلے سے غروب آفتاب تک حیض اور نفاس میں نہ ہونا شرط ہے ، اگر عورت کو غروب آفتاب سے ایک دو منٹ پہلے ماہواری آگئی تب بھی اس کا روزہ صحیح نہ ہوگا اگرچہ مجاہدہ کا اجر پائے گی، قولہ:”طاھر عن حیض أونفاس“:أي: خال عنھما الخ (رد المحتار، أول کتاب الصوم ۳: ۳۳۱، ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔
(۲): ایسی عورت کے لیے غروب آفتاب تک روزہ داروں کی طرح رہنے کا حکم نہیں ہے ؛ بلکہ اس کے لیے روزہ داروں کی مشابہت اختیار کرتے کھانے پینے سے رکنا جائز ہی نہیں ؛ لہٰذا روزہ کی حالت میں ماہواری آنے کے بعد عورت بلا تکلف کھاپی سکتی ہے، البتہ روزہ داروں کے سامنے کھانے پینے سے احتیاط کرے، وأجمعوا علی أنہ - الإمساک- لا یجب علی الحائض والنفساء والمریض والمسافر (رد المحتار ۳: ۳۸۳، ط: مکتبة زکریا دیوبند عن الشرنبلالیة)،وأما في حالة تحقق الحیض والنفاس فیحرم الإمساک؛ لأن الصوم منھما حرام، والتشبہ بالحرام حرام (حاشیة الطحطاوي علی المراقي ص ۶۷۸، ط: دار الکتب العلمیة بیروت)۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند