• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 604967

    عنوان:

    عشرہٴ اخیرہ كا اعتكاف ٹوٹ جائے تو كتنے دنوں كی قضا واجب ہوگی؟

    سوال:

    کیا فرماتے ہیں مفتیان دین شرع متین مسئلہ ذیل میں زید نے عشرئہ اخیرہ کا اعتکاف کیا اور 25 رمضان کو بعد نماز مغرب اپنا اعتکاف فاسد کر دیا تو آیا زید پر کتنے دن کے اعتکاف کی قضاء واجب ہوگی ۔ مدلل جواب دے کر ممنون و مشکور ہوں۔

    جواب نمبر: 604967

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 867-207T/D=10/1442

     رمضان کے اخیر عشرہ کا اعتکاف اگر کسی وجہ سے فاسد ہوجائے تو امام ابوحنیفہ اور امام محمد رحمہا اللہ کے نزدیک صرف ایک دن کی قضا واجب ہوگی اور فساد کے بعد کے ایام نفلی اعتکاف شمار ہوں گے، ایک دن کی قضا خواہ اس رمضان میں کرے یا رمضان کے بعد ۔

    امام ابو یوسف رحمہ اللہ کے نزدیک پورے دس دن یا کم از کم جتنے دن فساد کے بعد باقی ہیں ان کی قضا واجب ہے۔ امام ابو یوسف کے قول پر عمل کرنے میں احتیاط ہے۔ طرفین کے قول پر بھی عمل کرنا جائز ہے۔

    وعلی کل فیظہر من بحث ابن الہمام لزوم الاعتکاف المسنون بالشروع وان لزوم قضاء جمیعہ او باقیہ مخرج علی قول ابی یوسف اما علی قول غیرہ فیقضی الیوم الذی افسدہ لاستقلال کل یوم بنفسہ ۔ فتح القدیر: 3/393، (فتاوی رحیمیہ: 3/128، فتاوی محمودیہ: 10/255)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند