• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 60399

    عنوان: رمضان المبارک میں وتر کے بعد نوافل جا ئز ہیں یا نہیں

    سوال: رمضان میں چونکہ نماز وتر باجماعت ہوتی ہیں اس لئے وتر کے بعد نوافل جا ئز ہیں یا نہیں ۔ علامہ انور شا ہ کشمیری فیض الباری جلد 2 صفہ 420 پر جائز نہیں یہ بات میں نے مفتی زرولی خان سے سنی جو احسن اعلوم کے مہتم ہیں۔

    جواب نمبر: 60399

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 707-672/Sn=10/1436-U وتر کے بعد نفل پڑھنا بلاشبہ جائز ہے؛ البتہ اکابر کے درمیان کسی قدر اختلاف اس بارے میں ہے کہ بعد الوتر دو رکعت نفل نماز بیٹھ کر پڑھنا مستحب ہے یا کھڑے ہوکر اکثر اس بات کے قائل ہیں کہ کھڑے ہوکر پڑھنا زیادہ باعث اجر وثواب ہے، بیٹھ کر پڑھنے سے آدھا ثواب ملے گا، بعض اس بات کے قائل ہیں کہ بیٹھ کر پڑھنا مستحب ہے، حضرت علامہ انورشاہ کشمیری رحمہ اللہ بھی اس کے قائل تھے (دیکھیں: فیض الباری علی صحیح البخاری، کتاب التہجد اور فتاوی رشیدیہ، ص:۷۷، فتاوی محمودیہ: ۷/۲۲۷، ڈابھیل) باقی آپ نے سوال میں بعد الوتر نوافل کے عدم جواز کی جو بات لکھی ہے، وہ صحیح نہیں ہے، شاہ صاحب نے کیا لکھا ہے، ان کی پوری عبارت کیا ہے، احسن العلوم کے مہتمم نے کیا بات کہی، مکمل تفصیل ہمارے سامنے ہو تو اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند